مسلم لیگ (ن) کا چیئرمین سینیٹ کے لئے امیدوارحاصل بزنجو کو کامیاب کرانے کی حکمت عملی پر غور

مسلم لیگ (ن) کا چیئرمین سینیٹ کے لئے امیدوارحاصل بزنجو کو کامیاب کرانے کی حکمت عملی پر غور

اسلام آباد : مسلم لیگ (ن) کے سینیٹرز اور رہنماﺅں پر مشتمل پارلیمانی پارٹی کا اجلاس پیر کو پارلیمنٹ ہاﺅس میں سینیٹ میں قائد حزب اختلاف راجہ ظفر الحق کی زیر صدارت ہوا۔

اجلاس میں اپوزیشن کے چیئرمین سینیٹ کیلئے متفقہ امیدوار حاصل بزنجو کو کامیاب کرانے کے حوالہ سے مشاورت اور حکمت عملی پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کی اس حوالہ سے قائم سات رکنی کمیٹی کو اپوزیشن امیدوار کی کامیابی کیلئے رابطوں کو تیز کرنے کی ہدایت کی گئی۔ کمیٹی میں اسد اشرف، پیر صابر شاہ، یعقوب خان ناصر، ڈاکٹر مصدق ملک، جاوید عباسی، اسد جونیجو اور نزہت صادق شامل ہیں۔

اجلاس میں اس بات کا عندیہ ظاہر کیا گیا کہ چیئرمین سینٹ کی تبدیلی اپوزیشن کا متفقہ فیصلہ ہے، مسلم لیگ (ن) اس وعدے کو پوری ایمانداری سے نبھائے گی، راجہ ظفر الحق نے کہا کہ چیئرمین سینٹ کے حوالہ سے اپوزیشن کی تحاریک پر سینٹ سیکرٹریٹ کی طرف سے اٹھائے گئے اعتراضات کا جواب جمع کرائیں گے اور ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) ملک و قوم کیلئے تاریخی جمہوری کردار ادا کر رہی ہے۔

اجلاس میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، خواجہ محمد آصف، رانا تنویر حسین، احسن اقبال، سردار ایاز صادق اور مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے سینیٹرز نے شرکت کی۔