دورہ انگلینڈ بابراعظم کے کیریئر کا آخری مشکل امتحان ہے: مدثر نذر

دورہ انگلینڈ بابراعظم کے کیریئر کا آخری مشکل امتحان ہے: مدثر نذر

لاہور : مدثر نذر کودورہ انگلینڈ میں بیٹنگ کی ناکامی کا خدشہ ستانے لگا، سابق ٹیسٹ کرکٹر کا کہنا ہے کہ اگست میں بارشیں ہوئیں تو بیٹسمینوں کو مشکلات پیش آئیں گی،بابر اعظم اس بار انگلش کنڈیشنز میں بھی آزمائش پر پورا اترے تو کیریئر میں ایسی اڑان بھریں گے کہ پکڑنا مشکل ہو جائے گا۔

مدثر نذر نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے رواں سیزن انگلینڈ میں کرکٹ نہیں کھیلی گئی،اسی لیے پچز تازہ ہوں گی،اگست میں بارشیں معمول کی بات ہیں، اگر ایسا ہوا تو پاکستانی بیٹنگ کے لیے مشکلات ہو جائیں گی، میزبان ٹیم کو ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز کھیلنے کا موقع مل چکا ہوگا جبکہ گرین کیپس طویل وقفے کے بعد ایکشن میں نظر آئیں گے۔

بہرحال ایک مثبت پہلو یہ ہے کہ جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے برعکس پاکستانی ٹیم انگلینڈ میں ڈٹ کر مقابلہ کرتی رہی ہے، گذشتہ کچھ عرصے کے دوران سلپ کیچز میں مہارت بھی بہتر ہوئی ہے، ماضی میں صرف یونس خان اس پوزیشن پر بہترین فیلڈر دیگر ناکام ہوتے تھے،اب اسد شفیق کے ساتھ دیگر اچھے فیلڈرز بھی موجود ہیں۔ بولرز انگلینڈ میں بیٹسمینوں کو سلپ یا گلی میں کیچ کرانے کی کوشش کرتے ہیں، اس لیے پاکستان ٹیم کو اچھی سپورٹ حاصل ہوگی۔

ایک سوال پر سابق ٹیسٹ کرکٹر نے کہا کہ بابر اعظم سے اس بار بھی اچھی کارکردگی کی امیدیں وابستہ ہیں، نوجوان بیٹسمین نے مختلف ملکوں میں رنز بنائے۔ اگر اس بار انگلش کنڈیشنز میں بھی آزمائش پر پورا اترتے ہوئے پرفارم کیا تو کیریئر میں ایسی اڑان بھریں گے کہ پکڑنا مشکل ہو جائے گا،آف سٹمپ سے باہر جاتی گیندیں انکی کمزوری رہی ہیں،ایشیائی پچز پر بیشتر کھیلنے والوں کو یہ مسئلہ درپیش ہوتا ہے، بہرحال اب بابر کی بیٹ پر گرفت بہتر ہوگئی، لیٹ کھیلنا بھی سیکھ گئے، ڈیل سٹین اپنی خطرناک آﺅٹ سوئنگ کی وجہ سے مشہور ہیں لیکن بابر اعظم ان پر بھی حاوی رہے تھے۔