سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں سالانہ انکریمنٹ ختم کرناظلم کی انتہاہے ،شہباز شریف

سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں سالانہ انکریمنٹ ختم کرناظلم کی انتہاہے ،شہباز شریف

لاہور :پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمد شہبازشریف نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں سالانہ اضافہ ختم کرنیکی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے ہے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں سالانہ انکریمنٹ ختم کرناظلم کی انتہاہے۔

جب وزیراعظم کا دولاکھ میں گزارا نہیں ہوتاتو سرکاری ملازم چند ہزار میں کیسے گزارا کرے؟ان خیالات کا اظہار شہباز شریف نے بدھ کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔  انہوں نے کہا  کہ حکومت پورے پاکستان کو سڑکوں پر نکلنے پر مجبور کرچکی ہے ۔سرکاری ملازمین اور عوام کے خلاف حکومت ظالمانہ اقدامات واپس لے۔ثابت ہوگیا کہ یہ عوام کی نہیں آئی ایم ایف کی غلام حکومت ہے ۔

عوام پر ظلم ڈھانے والوں نے کہاتھا کہ خود کشی کرلیں گے، آئی ایم ایف کے پاس نہیں جائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کی شرائط قوم کے گلے کا پھندا بن چکی ہیں ۔

موجودہ حکومت سرکاری ملازمین سمیت معاشرے کے ہر طبقے کے لئے بری خبر ہے ۔سرکاری ملازمین کے خلاف ظالمانہ اقدامات برداشت نہیں کریں گے۔سرکاری ملازمین اور عوام کو تنہانہیں چھوڑیں گے، ظالم حکومت کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔