روس نے کورونا سے بچاؤ کی ویکسین بنانے کا دعویٰ کر دیا

روس نے کورونا سے بچاؤ کی ویکسین بنانے کا دعویٰ کر دیا
کیپشن: رضا کاروں کو ملٹری اسپتال میں 28 دن رکھا گیا، روسی وزارت دفاع۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

ماسکو: روس کی وزارت دفاع نے کورونا وائرس سے بچاؤ کی مستند ویکسین بنانے کا دعویٰ کر دیا۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق روس کی فرسٹ ماسکو اسٹیٹ میڈیکل یونیورسٹی اور مین ملٹری کلینکل برڈنکل اسپتال کی 2 ٹیموں نے کورونا ویکسین کی تیاری کے سلسلے میں پہلا فیز مکمل کر لیا ہے۔

کورونا ویکسین کا تجربہ 18 رضاکاروں پر کیا گیا اور تمام رضا کار اب کورونا سے محفوظ ہیں جنہیں اسپتال سے بھی ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔

کلینیکل ٹرائل پراجیکٹ پر کام کرنے والی ڈاکٹر سویٹلا کا ویڈیو بیان میں کہنا ہے کہ رضاکاروں کا امیونٹی سسٹم بہترین کام کر رہا ہے اور ان میں اینٹی باڈیز بھی بن رہی ہیں جب کہ وہ کورونا سے مکمل محفوظ ہیں۔

روسی وزارت دفاع کے مطابق رضا کاروں کو ملٹری اسپتال میں 28 دن رکھا گیا اور ان پر ویکسین کا تجربہ کیا گیا جس میں انہیں کسی قسم کے سائیڈ ایفیکٹ کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اسپتال سے ڈسچارج ہونے والے رضا کاروں کو ویکسین لگنے کے 42 روز بعد ایک بار پھر اسپتال داخل کیا جائے گا جہاں ان کا حتمی معائنہ اور تشخیص کی جائے گی۔

دوسری جانب روس  کے حریف امریکا نے بھی رواں سال کے آخر میں کورونا ویکسین کی تیاری کی امید  ظاہر کی ہے۔