پاکستان میں کورونا وائرس کی شرح 5 فیصد سے بڑھ گئی، مزید 47 مریض جاں بحق  

Corona virus rate rises to 5% in Pakistan, 47 more patients die
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: عالمی وبا کورونا وائرس کا ملک بھر میں ایک بار پھر پھیلاؤ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 47 مریضوں کی اموات رپورٹ ہوئی ہیں جبکہ اس موذی وبا کی شرح میں پانچ فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے مزید دو ہزار پانچ سو بیتالیس کیسس رپورٹ ہوئے۔ اس وقت دو ہزار 336 مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

این سی او سی کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کورونا کے مثبت کیسوں کی شرح پانچ اعشاریہ بیس فیصد رہی۔

صوبہ پنجاب میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد تین لاکھ 49 ہزار 111، گلگت بلتستان میں 6 ہزار 163، ، آزاد کشمیر میں 21 ہزار 481، بلوچستان میں 28 ہزار 588، اسلام آباد میں 84 ہزار 83، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 39 ہزار 960 اور صوبہ سندھ میں تین لاکھ 51 ہزار 600 ہو گئی ہے۔

طبی حکام کا کہا ہے کہ پاکستان میں اس وقت کورونا وائرس کی چوتھی لہر کا شدید خدشہ پیدا ہو چکا ہے۔ شہریوں کو چاہیے کہ وہ اپنی دوسروں کی زندگیاں خطرے میں نہ ڈالیں اور جلد از جلد اس موذی وبا سے بچاؤ کیلئے حفاظتی ٹیکے لگوائیں۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے عوام کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں انڈیا جیسی صورتحال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، اس لئے ہمیں درست فیصلے کرنا پڑیں گے۔

سندھ حکومت نے صوبے میں کورونا کا خطرہ بھانپتے ہوئے مزید پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ تمام سکولوں کو بند کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا ہے تاہم جن طلبہ کے امتحانات جاری ہیں انھیں فی الحال اس پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔