کراچی سمیت سندھ بھر میں کورونا وائرس بے قابو، پھر پابندیاں لگ گئیں  

Corona virus out of control in Karachi and Sindh
کیپشن: فائل فوٹو

کراچی: عالمی وبا کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر کراچی سمیت سندھ بھر میں دوبارہ سے پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں۔

حکومت کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق آج سے پبلک ٹرانسپورٹ 50 فیصد مسافروں کے ساتھ چلانے کی اجازت ہوگی۔ سندھ میں سفر کے لیے ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ پاس رکھنا لازمی ہوگا۔

ہوٹل، ریسٹورنٹس اور کیفے میں اِن ڈور ڈائینگ جبکہ سینما ہالز بھی بند رہیں گے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق 16 جولائی سے واٹر پارکس، تفریحی پارکس، جم، سوئمنگ پول بند ہوں گے۔

16 جولائی سے ساحل سمندر، ہاکس بے اور کینجھر جیل بند رہیں گے۔ 17 جولائی سے پہلی تا 8ویں جماعت تک تعلیمی ادارے بند رہیں گے تاہم نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات شیڈول کے مطابق ہوں گے۔

این سی او سی کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 47 مریضوں کی اموات رپورٹ ہوئی ہیں جبکہ اس موذی وبا کی شرح میں پانچ فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے مزید دو ہزار پانچ سو بیتالیس کیسس رپورٹ ہوئے۔ اس وقت دو ہزار 336 مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

این سی او سی کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کورونا کے مثبت کیسوں کی شرح پانچ اعشاریہ بیس فیصد رہی۔

صوبہ پنجاب میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد تین لاکھ 49 ہزار 111، گلگت بلتستان میں 6 ہزار 163، ، آزاد کشمیر میں 21 ہزار 481، بلوچستان میں 28 ہزار 588، اسلام آباد میں 84 ہزار 83، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 39 ہزار 960 اور صوبہ سندھ میں تین لاکھ 51 ہزار 600 ہو گئی ہے۔

طبی حکام کا کہا ہے کہ پاکستان میں اس وقت کورونا وائرس کی چوتھی لہر کا شدید خدشہ پیدا ہو چکا ہے۔ شہریوں کو چاہیے کہ وہ اپنی دوسروں کی زندگیاں خطرے میں نہ ڈالیں اور جلد از جلد اس موذی وبا سے بچاؤ کیلئے حفاظتی ٹیکے لگوائیں۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے عوام کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں انڈیا جیسی صورتحال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، اس لئے ہمیں درست فیصلے کرنا پڑیں گے۔