بیرون ملک سے لاہور پہنچنے والے مسافر میں کورونا وائرس کا انکشاف  

Corona virus detected in a passenger arriving in Lahore from abroad
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: بیرون ملک سے لاہور پہنچنے والے ایک مسافر میں کورونا وائرس کی علامات کا انکشاف ہوا ہے۔ سول ایوی ایشن حکام نے مسافر کو فوری طور پر الگ کر دیا ہے۔

ائیرپورٹ ذرائع کے مطابق مسافروں کی سکریننگ کے دوران مذکورہ مسافر میں کورونا پازیٹو ہونے کی تصدیق ہوئی۔ مسافر سعودی شہر جدہ سے پرواز 734 کے ذریعے لاہور ایئر پورٹ پہنچا تھا۔ ضلعی انتظامیہ نے مسافر کو ہسپتال میں منتقل کر دیا ہے۔

ائیرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ اے سی کینٹ کو انتظامات مکمل کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

خیال رہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کا ملک بھر میں ایک بار پھر پھیلاؤ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 47 مریضوں کی اموات رپورٹ ہوئی ہیں جبکہ اس موذی وبا کی شرح میں پانچ فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے مزید دو ہزار پانچ سو بیتالیس کیسس رپورٹ ہوئے۔ اس وقت دو ہزار 336 مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

این سی او سی کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کورونا کے مثبت کیسوں کی شرح پانچ اعشاریہ بیس فیصد رہی۔

صوبہ پنجاب میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد تین لاکھ 49 ہزار 111، گلگت بلتستان میں 6 ہزار 163، ، آزاد کشمیر میں 21 ہزار 481، بلوچستان میں 28 ہزار 588، اسلام آباد میں 84 ہزار 83، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 39 ہزار 960 اور صوبہ سندھ میں تین لاکھ 51 ہزار 600 ہو گئی ہے۔

طبی حکام کا کہا ہے کہ پاکستان میں اس وقت کورونا وائرس کی چوتھی لہر کا شدید خدشہ پیدا ہو چکا ہے۔ شہریوں کو چاہیے کہ وہ اپنی دوسروں کی زندگیاں خطرے میں نہ ڈالیں اور جلد از جلد اس موذی وبا سے بچاؤ کیلئے حفاظتی ٹیکے لگوائیں۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے عوام کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں انڈیا جیسی صورتحال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، اس لئے ہمیں درست فیصلے کرنا پڑیں گے۔

سندھ حکومت نے صوبے میں کورونا کا خطرہ بھانپتے ہوئے مزید پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ تمام سکولوں کو بند کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا ہے تاہم جن طلبہ کے امتحانات جاری ہیں انھیں فی الحال اس پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔