عیدالاضحیٰ کے موقع پر صوبہ پنجاب کی جیلوں کی سیکیورٹی کے حوالے سے ہدایات جاری

On the occasion of Eid-ul-Adha, instructions were issued regarding the security of Punjab jails
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: عیدالاضحیٰ کے موقع پر پنجاب بھر کی جیلوں کی سیکیورٹی کے حوالے سے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ میٹل ڈیٹیکٹر کی مدد سے چیکنگ کی جائے گی۔ جیل کی مرکزی دیواروں پر اضافی نفری تعینات کی جائے گی۔ جبکہ جیل کے کسی بھی عملے کو بغیر ڈیوٹی جیل میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہو گی۔

تفصیل کے مطابق پنجاب کی تمام جیلوں کے سپرنٹنڈنٹس کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کے دوران زیادہ سے زیادہ سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنائیں۔ قیدیوں کے لئے لائے گئے کھانے کو اچھی طرح چیک کیا جائے اور یقینی بنایا جائے کہ کھانا پلاسٹک بیگ میں ہو، کسی بھی دھاتی برتن کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

ایک ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کو تلاشی کی نگرانی کے لئے تعینات کیا جائے۔ سکیورٹی سے متعلق تمام قواعد ، ضوابط اور ہدایات پر سختی سے عمل کیا جائے اور کسی قسم کی کوتاہی نہ کی جائے۔دفتری اوقات کے بعد بھی سیکیورٹی پر نظر رکھی جائے، میٹل ڈیٹیکٹر کی مدد سے چیکنگ کی جائے گی۔

عید کی تعطیلات کے دوران ایگزیکٹو اسٹاف اور وارڈر گارڈ کی چھٹی منظور نہیں ہوگی، ایک ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اور دو اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ کی جیل میں موجودگی یقینی بنائی جائے۔

عید کی نماز میں کم از کم دو افسران کو جیل کے اندر ترجیحی طور پر شامل ہونا چاہئے،، جیل سپرنٹنڈنٹ تمام قیدیوں کی بیرک میں واپسی تک جیل میں موجود رہیں گے۔

جیل کی مرکزی دیواروں پر اضافی نفری تعینات کی جائے۔ سپرنٹنڈنٹ جیل انتظامات کو ذاتی طور پر چیک کریں،،،جیل کے کسی بھی عملے کو بغیر ڈیوٹی جیل میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہو گی۔