کشمیر صرف کپتان کا اور وہ ہی کشمیریوں کے رہنماہیں: فردوس عاشق اعوان

کشمیر صرف کپتان کا اور وہ ہی کشمیریوں کے رہنماہیں: فردوس عاشق اعوان
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ کشمیریوں نے مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کو آزما کر دیکھ لیا، مگر اب کشمیر صرف کپتان کا ہے اور وہ ہی کشمیریوں کے رہنماءہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی اطلاعات پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنے بیان میں کہا کہ کشمیریوں نے پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کو آزما کر دیکھ لیا، دونوں جماعتوں نے جیبیں بھرنے کے سوا کشمیریوں کیلئے کچھ نہیں کیا، مودی اور جندال کے یار نے کشمیریوں کی پیٹھ میں چھرا گھونپا۔
فردوس عاشق اعوان نے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جعلی راجکماری ظل سبحانی سے پوچھے کہ برسوں اقتدار میں رہنے کے باوجود اس پار اور اس پار کے کشمیریوں کیلئے کیا کام کیا؟ 
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان اس پار اور اس پار کے کشمیریوں کیلئے مسیحا بن کر سامنے آئے ہیں، اس پار مودی اور اس پار مودی کے یاروں کو کیفرکردار تک پہنچا رہے ہیں، پی ٹی آئی کشمیریوں کی حقیقی فلاح و بہبود کا مشن لے کر آزاد کشمیر پہنچی ہے، کشمیر صرف کپتان کا ہے اور کپتان ہی کشمیریوں کے رہنما ہیں۔