نواز شریف کو دوران قید بھی قتل کرنے کی سازش کی گئی، مریم نواز کا الزام

نواز شریف کو دوران قید بھی قتل کرنے کی سازش کی گئی، مریم نواز کا الزام
کیپشن: نواز شریف کو دوران قید بھی قتل کرنے کی سازش کی گئی، مریم نواز کا الزام
سورس: فوٹو/ اسکرین گریب

مظفر آباد: مریم نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف کے خلاف طرح، طرح کی سازشیں ہوئیں اور ان کو قید میں بھی قتل کرنے کی سازش کی گئی۔

آزاد کشمیر کے علاقے بلوچ میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ کشمیر کے  بیٹے نوازشریف کا سلام لائی ہوں،بلوچ والوں نے میرا بہترین استقبال کیا، میری رگوں میں کشمیری خون ہے۔ آج کیپٹن (ر) صفدر کی طبیعت ناسازتھی عدالت نہیں گئے۔ میں نے بھی عدالت میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دی۔ میں نے کہا بلوچ والوں سے مل کر ہی واپس جاوَ ں گی۔

مریم نواز نے کہا کہ یہ لوگ نوازشریف سے ڈرتے ہیں۔ عمران خان کی صبح شام نوازشریف کے نام سے ہوتی ہے۔ کشمیر کے چھپے چھپے پر نواز شریف کا نام لینے والے موجود ہیں۔ کشمیر کو بھارت کی جھولی میں پھینکنے کی سازش امریکہ میں کی گئی۔ ملکی راز صرف قوم کو معلوم نہیں باقی سب کو معلوم ہوتے ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ آج پڑھا کہ عوام پر پیٹرول بم گرانے کی سازش کی جارہی ہے۔ جب تیل کی قیمت بڑھتی ہے ،تو ہر چیز کی قیمت میں اضافہ ہوجاتا ہے۔ تیل کی قیمت بڑھنے سے عمران خان کو فرق نہیں پڑتا کیونکہ وہ سائیکل پر دفتر جاتے ہیں جبکہ جان بچانے والی ادویات میں 10ویں بار قیمتیں بڑھائی گئی ہیں۔ نواز شریف کے بنائے ہوئے منصوبوں کو گروی رکھنے کی سازش کررہے ہیں۔ نواز شریف کے بنائی گئی سڑکیں اور موٹر ویز گروی رکھی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو مبارکباد دیتی ہوں کہ آپ کا نعرہ ووٹ کوعزت دو ہر جگہ پہنچ گیاہے۔ آزاد کشمیر میں بھی ووٹ کو عزت دو کے نعرے گونج رہے ہیں۔ ان کو اگلا الیکشن ہارتا دیکھ کرانتخابی اصلاحات یاد آ رہی ہیں اور انتخابی اصلاحات صرف اور صرف عوام کی طاقت ہوتی ہے۔ الیکشن ریفارمز کوئی آر ٹی ایس یا کوئی مشین نہیں ہوتی بلکہ یہ عوام کی طاقت ہے اور یوم حساب قریب ہے جب یہ عوام تم سے حساب لیں گے.

انہوں نے کہا کہ اگر الیکشن چوری کرنے کی کوشش کی تو کہیں منہ دکھانے کے قابل نہیں رہو گے۔ عوام اور نوازشریف کے درمیان سے ہٹ جاوَ اور 25 جولائی کو آزاد کشمیر کی وادیوں میں شیر دھاڑے گا۔