اینٹی کرپشن طلبی کیخلاف درخواست، لاہور ہائیکورٹ کی شیخ رشید کی فائل پر نمبر لگانے کی ہدایت

اینٹی کرپشن طلبی کیخلاف درخواست، لاہور ہائیکورٹ کی شیخ رشید کی فائل پر نمبر لگانے کی ہدایت

لاہور: لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس فاروق حیدر نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کی اینٹی کرپشن طلبی کیخلاف درخواست پر نمبر لگانے کی ہدایت کر دی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کی اینٹی کرپشن میں طلبی کے خلاف درخواست پر اعتراض سے متعلق سماعت ہوئی جس دوران جسٹس فاروق حیدر نے آفس کو شیخ رشید کی فائل پر نمبر لگانے کی ہدایت کر دی۔ 
جسٹس فاروق حیدر نے ریمارکس دئیے کہ آفس کے اعتراض کو جوڈیشل سائڈ پر دیکھیں گے جس پر شیخ رشید کے وکیل نے کہا کہ درخواست پر آج ہی سماعت کر لیں کیونکہ اینٹی کرپشن نے طلب کیا ہے تاہم جسٹس فاروق حیدر نے کہا کہ ابھی کیس کو نمبر لگنے دیں پھر دیکھیں گے۔
واضح رہے کہ اینٹی کرپشن حکام کے مطابق اسلام آباد کی ایک ہاؤسنگ سوسائٹی کی فروخت کی گئی زمین کی سرکاری فیس کی ادائیگی میں خورد برد کی گئی۔ اینٹی کرپشن پنجاب کے حکام نے شیخ رشید کو زمین کی فروخت کے ریکارڈ کے ساتھ آج اینٹی کرپشن ہیڈ آفس لاہور میں پیش ہونے کی ہدایت کی تھی۔
شیخ رشید نے اینٹی کرپشن میں طلبی کا نوٹس لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا اور درخواست میں چیف سیکرٹری پنجاب، سیکرٹری داخلہ اور ڈی جی اینٹی کرپشن سمیت دیگر کو فریق بنایا تھا۔ 
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ زمین کی فروخت کا معاہدہ کسی بھی طرح غیر قانونی نہیں تھا اور اینٹی کرپشن نے غیر قانونی طور پر انکوائری شروع کی ہے، عدالت سے استدعا ہے کہ طلبی کا نوٹس غیر قانونی قرار دے کر کالعدم کیا جائے۔ 

مصنف کے بارے میں