بھارت میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں روزانہ 6بجے صبح طے کی جائیں گی

 بھارت میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں روزانہ 6بجے صبح طے کی جائیں گی

نئی دہلی :بھارت میں حکومت نے اعلان کیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں روزانہ 6بجے صبح طے کی جائیں گی،پٹرول پمپ مالکان نے جمعہ سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر روزانہ نظرثانی کے خلاف مجوزہ ہڑتال واپس لے لی کیونکہ حکومت نے نصف شب کی بجائے ہر دن 6بجے صبح سے قیمت میں تبدیلی کرنے سے اتفاق کرلیا ہے۔

اب تک قیمت پر نظرثانی کا اثر نصف شب سے ہوتا تھا اس کی وجہ سے ڈیلرز کو ہر رات خصوصی اسٹاف اس غرض کیلئے متعین کرنا پڑے گا لہذا 16 جون سے صبح 6بجے پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں نظرثانی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیرتیل دھرمیندر پرساد نے کہا کہ قیمت میں تبدیلی کے تعلق سے نئے اوقات کا تعین قابل عمل ہے لہذا 16جون سے صبح 6بجے نئی قیمت کا اطلاق ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ڈیلرز ہر دن اپنا کاروبار شروع کرنے سے پہلے نئی قیمت پر عمل کریں گے۔ فیڈریشن آف آل انڈیا پٹرولیم ٹریڈرس کے صدر اشوک بھدوار نے کہا کہ حکومت نے روزانہ قیمت پر نظرثانی کا فیصلہ عوامی مفاد میں کیا ہے۔ لہذا ہم بھی عوامی مفاد میں مجوزہ احتجاج سے دستبردار ہورہے ہیں۔ پردھان نے کہا کہ پانچ شہروں میں روزانہ قیمت پر نظرثانی کا تجربہ کامیاب رہا جس کے بعد ملک بھر میں اسے نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔