تعلیمی اداروں میں منشیات کی مکمل ممانعت کو یقینی بنایا جائے گا:رانا مشہود

تعلیمی اداروں میں منشیات کی مکمل ممانعت کو یقینی بنایا جائے گا:رانا مشہود

لاہور: حکومت پنجاب کی جانب سے تعلیمی اداروں کو نشہ کی لعنت سے محفوظ رکھنے کی غرض سے تشکیل کردہ خصوصی کمیٹی کااجلاس آج سکولز ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے کمیٹی روم میں صوبائی وزیر سکولز ایجو کیشن رانا مشہود احمد خاں کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں تعلیمی اداروں میں سگریٹ نوشی سمیت تمام نشوں کی مکمل ممانعت کو یقینی بنانے کے حوالے سے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔اجلاس نے اس بات پر اتفاق کیا کہ طالبعلموں کو نشہ سے محفوظ رکھنا اہم ترین ذمہ داری ہے جس کو نبھانے کیلئے حکومت اور عوام کے درمیان مکمل ہم آہنگی اور مسلسل تعاون اشد ضروری ہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر رانا مشہود نے کہا کہ انسدادِ منشیات کے اقدامات پر عملدرآمد کے حوالے سے تعلیمی ادارے اپنے فوکل پرسنز مقرر کریں ۔اُنہوں نے متعلقہ محکموں کو دو ہفتوں میں جامع لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایات کیں۔ انہوں نے بتایا کہ تعلیمی اداروں کو نشہ سے پاک رکھنے کیلئے جامع پالیسی تشکیل دی جا رہی ہے۔جس کیلئے حتمی سفارشات مرتب کر کے وزیراعلیٰ پنجاب کوجلد پیش کی جائیں گی۔اُنہوں نے اجلاس کو بتایا کہ اعلیٰ تعلیم کے اداروں میں منشیات کے استعمال پر مکمل پابندی کو یقینی بنانے کیلئے تعلیمی اداروں کے مالکان اور انتظامیہ کو اعتماد میں لیا جا رہا ہے۔انہوں نے تعلیمی اداروں کے فوکل پرسنز کو ورکشاپ کے ذریعے آگاہی دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

سیکرٹری سکولز ایجوکیشن ڈاکٹر اللہ بخش ملک نے کہا کہ طلبہ کے والدین اور میڈیا سمیت علماء کرام کافریضہ ہے کہ بچوں میں سگریٹ نوشی سمیت تمام نشوں سے نفرت کے جذبات اجاگر کئے جائیں۔اجلاس میں ڈرگ فری معاشرے کے قیام کیلئے جامع حکمت عملی تیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا تا کہ معاشرے میں صحت مند رجحانات پروان چڑھ سکیں۔

مصنف کے بارے میں