کراچی:پولیس کارروائیوں میں 47 ملزمان گرفتار

کراچی:پولیس کارروائیوں میں 47 ملزمان گرفتار

کراچی:   کراچی میں پولیس کی جانب سے کارروائیوں کے دوران 47 ملزمان گرفتار کرلیے جبکہ شاہراہ فیصل پر پولیس کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔ پولیس نے 3 سال قبل قتل کیے گئے ٹیکسی ڈرائیور مقصود کے قتل کا معمہ بھی حل کرلیا۔

ایس پی اورنگی ٹاؤن عابد علی بلوچ کے مطابق اورنگی ٹاون میں تین سال قبل قتل ہونے والے ٹیکسی ڈرائیور مقصود کے قتل میں ملوث مقتول کی بیوی عائشہ اور آصف کو گرفتار کرلیا، ملزمہ عائشہ اپنے شوہر کے قتل کے بعد آصف سے شادی کرنا چاہتی تھی، ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔

پریڈی تھانہ کی حدود میں حساس مقامات اورجلوس کی گزر گاہوں پر پولیس نے سرچ آپریشن کیا اور 35 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔شاہراہ فیصل ،ملیر سٹی، جوہر آباد اور جیکسن پولیس نے کاروائیوں کے دوران اسٹریٹ کرائم اور مفرو ر 9 ملزمان کو اسلحے سمیت گرفتار کرلیا۔

چاکیواڑہ سے عزیر بلوچ گروپ کے ملزم مراد بلوچ کو گرفتار کرلیا جبکہ ملزم کے ساتھی بہادر پی ایم ٹی اورمنشیات فروش خاتون فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

شاہراہ فیصل پر نرسری کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔ ایس پی گلشن اقبال غلام مرتضی بھٹو کے مطابق ہلاک شخص کی شناخت زین العابدین اور زخمی کی شناخت کامران کے نام سے ہوئی ہے۔

زین العابدین کو ملزمان نے پیچھے سے گولیاں ماریں جبکہ کامران نامی شخص فائرنگ کی زد میں آیا، واقعہ زین العابدین کے ساتھ ملزمان کی ذاتی دشمنی کا لگتا ہے۔

مصنف کے بارے میں