ویرات کوہلی نے ڈی ویلیئرز کا ریکارڈ پاش پاش کر دیا

ویرات کوہلی نے ڈی ویلیئرز کا ریکارڈ پاش پاش کر دیا

برمنگھم: بھارتی ٹیم کے کپتان اور سٹار بلے باز ویرات کوہلی نے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں تیز ترین 8 ہزار رنز مکمل کر کے نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا، کوہلی 8 ہزار رنز کا ہندسہ عبور کرنے والے ساتویں بھارتی بلے باز بھی بن گئے ہیں۔

کوہلی نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں بنگلہ دیش کے خلاف سیمی فائنل میں 96 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر یہ سنگ میل عبور کیا، انہوں نے جنوبی افریقن بلے باز اے بی ڈی ویلیئرز کا تیز ترین 8 ہزار رنز مکمل کرنے کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا، ویلیئرز نے 182 اننگز میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا جبکہ کوہلی نے 175 اننگز میں یہ سنگ میل عبور کیا۔

جمعرات کو چیمپئنز ٹرافی میں کوہلی جب بنگلہ دیش کے خلاف سیمی فائنل کیلئے میدان میں اترے تو انہیں 8 ہزار رنز مکمل کرنے کیلئے 88 رنز درکار تھے، انہوں نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناقابل شکست 96 رنز بنا کر 8 ہزار رنز کے ہندسے کو عبور کیا، اس کے ساتھ ہی انہوں نے تیز ترین 8 ہزار رنز مکمل کرنے کا عالمی ریکارڈ بھی توڑ دیا۔

اس کے علاوہ انہوں نے سابق ہم وطن بلے باز وریندر سہواگ کے زیادہ رنز کا ریکارڈ بھی توڑ دیا جنہوں نے 7995 رنز بنا رکھے تھے، اسطرح وہ زیادہ رنز بنانے والے ساتویں بھارتی بلے باز بن گئے ہیں، کوہلی نے 183 میچز میں 27 سنچریوں کی مدد سے 8008 رنز بنا رکھے ہیں۔