غیر قانونی ٹھیکوں کا الزام،نیب نے پنجاب کے وزیر جنگلات سبطین خان کو گرفتار کر لیا

غیر قانونی ٹھیکوں کا الزام،نیب نے پنجاب کے وزیر جنگلات سبطین خان کو گرفتار کر لیا

لاہور:غیر قانونی ٹھیکو ں کے الزام میں نیب لاہور نے پنجاب کے وزیر جنگلات سبطین خان کو گرفتار کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق نیب لاہور نے 2007 میں نجی کمپنی کو ٹھیکا دینے کے لیے غیر قانونی احکامات جاری کرنے کے الزام میں پنجاب کے وزیر جنگلات سبطین خان کو گرفتار کر لیا ہے۔

صوبائی وزیر جنگلات کو کل احتساب عدالت لاہور میں پیش کیا جائے گا، سبطین خان وزیر اعظم کے آبائی حلقے میانوالی سے ایم پی اے منتخب ہوئے۔سبطین خان 2007 میں مسلم لیگ ق کی حکومت میں صوبائی وزیر معدنیات تھے، ان پر چنیوٹ میں اربوں روپے کے ٹھیکے میں من پسند کمپنی کو نوازنے کا الزام ہے۔

نیب کے مطابق صوبائی وزیر نے اربوں روپے مالیت کے معدنی وسائل 25 لاکھ مالیت کی کمپنی کو فراہم کیے۔ سبطین خان میانوالی 4 سے تحریک انصاف کے ٹکٹ پر منتخب ہوئے تھے۔

خیال رہے کہ6 فروری کو پی ٹی آئی کے سینئر وزیر علیم خان کو پاکستان اور بیرون ملک آمدن سے زائد اثاثے بنانے پر نیب نے گرفتار کر لیا تھا، علیم خان بہ طور سیکریٹری سوسائٹی کرپشن اور کرپٹ پریکٹس میں ملوث پائے گئے تھے، گرفتاری کے بعد انھوں نے استعفیٰ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو بھجوایا۔