فریال تالپور 9 روز کے جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے

فریال تالپور 9 روز کے جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے
کیپشن: نیب نے ان کے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی۔۔۔۔۔۔فوٹو/ پی پی پی فیس بُک پیج

اسلام آباد: احتساب عدالت نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں گرفتار سابق صدر آصف زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور کو 9 روز کے جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا۔

نیب کی ٹیم فریال تالپور کو اسلام آباد میں سب جیل قرار دی گئی ان کی رہائش گاہ سے جیل کے لیے لے کر روانہ ہوئی تو پیپلزپارٹی کے کارکنان نے فریال تالپور کی گاڑی کو گھیر لیا اور نیب کے خلاف نعرے بازی کی۔

اس موقع پر پولیس کی بھی نفری موجود تھی جس نے کارکنان کو پیچھے دھکیل کر گاڑی روانہ کی۔نیب نے احتساب عدالت اسلام آباد کے جج ارشد ملک کی عدالت میں فریال تالپور کو پیش کیا جہاں نیب نے ان کے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔

عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا نمائندوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے فریال تالپور نے کہا کہ سب جانتے ہیں یہ سیاسی گرفتاریاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپنے آپ کو اللہ کے حوالے کیا ہے اور اللہ خیر کرے گا۔