رانا ثنا اللہ کے ذاتی حملے دفاع میں دلائل نہ ہونے کا ثبوت ہیں، فردوس عاشق اعوان

رانا ثنا اللہ کے ذاتی حملے دفاع میں دلائل نہ ہونے کا ثبوت ہیں، فردوس عاشق اعوان
Image Source: Govt Of Pakistan Twitter Account

اسلام آباد:مشیر  اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے لیڈر نیب اور جیل جائیں  تو بیمار ہو جاتے ہیں، جیل سے نکلتے  ہیں تو صحت مند ہو جاتے ہیں اور لندن پہنچتے ہی ان کی صحت قابل رشک ہو جاتی ہے۔


تفصیلات کے مطابق ، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے  کہ ایک قانونی نوٹس سے رانا ثنا اللہ  کو آرام نہیں آیا، شاید انہیں مزید دوا کی ضرورت ہے،اپوزیشن اپنے سیاہ کرتوت کی وجہ سے جیل جا رہی ہے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ رانا ثنا اللہ کے ذاتی حملے  دفاع میں دلائل نہ ہونے کا ثبوت ہیں، شریف خاندان کے چیلے سند یافتہ جھوٹے ہیں الزام تراشی ان کا وطیرہ ہے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ قوم کا اتنے بڑے جھوٹوں سے سے واسطہ پڑا ہے جن کے  آپس میں بیان ہی نہیں ملتے،آدھے لٹیرے جیلوں میں بیمار ہیں اور باقی آدھے ملک سے فرار ہیں،انہوں نے رانا ثنااللہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ فکر نہ کریں ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کا حساب ابھی باقی ہے۔

اس سے قبل ڈاکٹر فروس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ دو خاندانوں نے کرپشن کو تحفظ دینے،جعلی اکاؤنٹس اور منی لانڈرنگ کے لیے اپنی خواتین کو ڈھال بنا کر عورت کے تقدس کو پامال کیا۔