کورونا وائرس، خیبر پختونخوا میں مزید 14 افراد جاں بحق

کورونا وائرس، خیبر پختونخوا میں مزید 14 افراد جاں بحق

پشاور: خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس سے مزید 14 افراد جاں بحق ہو گئے۔

صوبائی محکمہ صحت کے مطابق خیبر پختونخوا میں گزشتہ 24  گھنٹوں کے دوران کورونا کے مزید 563 کیسز رپورٹ ہوئے۔ جس کے بعد صوبے میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 18 ہزار 13 ہو گئی۔خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس کے باعث مزید 14 افراد جاں بحق ہو گئے جس کے بعد صوبے میں کورونا وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 675 ہو گئی۔پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 5 ہزار 248 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد ملک بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 44 ہزار 478 ہو گئی ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 97 افراد جان کی بازی ہارے ہیں جس کے بعد اب تک جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 2 ہزار 729 تک پہنچ گئی۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا سے متاثرہ 53 ہزار 721 مریض صحت یاب ہو گئے۔پاکستان کے صوبہ پنجاب میں کورونا کے سب سے زیادہ مریض ہیں جہاں اب تک 54 ہزار 138 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ سندھ میں 53 ہزار 805، خیبرپختونخوا میں 18 ہزار سے زائد، بلوچستان میں 8 ہزار 177، اسلام آباد میں 8 ہزار 569، آزادکشمیر میں 647 اور گلگت بلتستان میں ایک ہزار 129  کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے باعث سب سے زیادہ اموات بھی پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں ایک ہزار اکتیس افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

سندھ میں 831، خیبر پختونخوا میں 675، اسلام آباد میں 78، گلگت بلتستان میں 16، بلوچستان میں 85 اور آزاد کشمیر میں 13 افراد کورونا وائرس سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔