چین کی جانب سے ایک بار پھر شہبازشریف کو علاج کی پیشکش

چین کی جانب سے ایک بار پھر شہبازشریف کو علاج کی پیشکش
کیپشن: کورونا وائرس سے آپ کے متاثر ہونے کی اطلاع پر بے حد دکھ ہے، لانگ دینگ بن۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: چین کی جانب سے ایک بار  پھر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو کورونا کے علاج کی پیشکش کی گئی ہے۔چین کے قونصل جنرل لانگ دینگ نے مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف  شہبازشریف کو خط لکھا۔ قونصل جنرل لانگ دینگ بن نے شہباز شریف کو اپنے خط میں کہا کہ کورونا وائرس سے آپ کے متاثر ہونے کی اطلاع پر بے حد دکھ ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپ کو ہر طرح کی معاونت کی فراہمی کی پیشکش کرتے ہیں اور دعا ہے کہ آپ جلد صحت یاب ہوں۔چینی قونصل جنرل نے شہباز شریف کو اپنے خط میں کہا کہ کورونا وائرس پر قابو پانے تک چین پاکستان کی ہر طرح کی مدد کے لیے تیار ہے۔

لانگ دینگ بن نے کہا کہ سی پیک کی تعمیر کے لیے آپ کی غیر معمولی کارکردگی ہمیں بہت اچھی طرح سے یاد ہے۔ اورنج لائن، کوئلے سے بجلی پیدا کرنے والا ساہیوال کا منصوبہ آپ کی غیر معمولی کاوش کا مظہر ہے۔

قونصل جنرل چین نے اپنے خط میں مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے طور پر آپ نے پاک چین دوستی بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا۔

خیال رہے کہ چند روز قبل شہباز شریف اور ان کی اہلیہ تہمینہ درانی میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی تھی جس کے بعد سے وہ قرنطینہ میں ہیں۔