ایف آئی اے نے شہباز شریف کو منی لانڈرنگ کیس میں طلب کر لیا

ایف آئی اے نے شہباز شریف کو منی لانڈرنگ کیس میں طلب کر لیا
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو رمضان شوگر ملز اور منی لانڈرنگ کیس میں 22جون کو طلب کر لیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل نے 22 جون کو میاں شہباز شریف کو ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہوئے اس حوالے سے دستاویزات ساتھ لانے کو کہا ہے۔ ایف آئی اے کے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ اگر شہباز شریف 22 جون کو پیش نہ ہوئے تو انہیں گرفتار بھی کیا جاسکتا ہے۔
شہباز شریف پر رمضان شوگر ملز اور العربیہ شوگر ملز کے ذریعے منی لانڈرنگ کا الزام ہے، شہباز شریف اور ان کی فیملی پر 25 ارب روپے کی منی لانڈرنگ، چینی کی غیر قانونی ذخیرہ اندوزی اور سٹہ بازی کے بھی الزامات ہیں۔ 
نوٹس میں شہباز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ آپ کو رمضان شوگر ملز میں چھوٹے ملازمین کے کھاتوں میں جانے والے 25 ارب روپے پرجوابات دینے ہیں، کیا آپ کو رمضان، العربیہ شوگرملز اور دیگر جعلی اکاؤنٹس میں بھیجے اور نکالے گئے 25 ارب روپے کا علم ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق طلبی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ آپ کو دو دفعہ سوالنامہ بھجوایا گیا مگر آپ نے جواب نہیں دیا۔ دسمبر 2020 میں ایف آئی اے کی ٹیم نے 5 سوالوں پر مشتمل سوالنامہ دیا تھا اور پھر جنوری 2021ءمیں آپ کو یاد دہانی کرائی گئی جس پر جواب ملا کہ عطا تارڑ جوابات جمع کروائیں گے مگر ایسا نہیں ہوا۔ 
ایف آئی اے کی جانب سے شہباز شریف کو بھیجے گئے نوٹس کے مطابق جیل میں بھی ایف آئی اے کی تحقیقاتی ٹیم شہباز شریف سے تفتیش کیلئے گئی مگر تسلی بخش جواب نہیں دئیے گئے، اس لئے اب وہ 22 جون کو تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہوکر ان سوالات کے جواب دیں۔