یو اے ای نے پاکستان، بنگلہ دیش، نیپال اور سری لنکا کے مسافروں پر ایک بار پھر پابندی عائد کر دی

یو اے ای نے پاکستان، بنگلہ دیش، نیپال اور سری لنکا کے مسافروں پر ایک بار پھر پابندی عائد کر دی
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

ابوظہبی: متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے ایک مرتبہ پھر پاکستان، بنگلہ دیش، نیپال اور سری لنکا کے مسافروں پر 7 جولائی تک ملک میں داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ 
خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق تازہ پیش رفت سے متعلق اتحاد ایئر نے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ جو مسافر گزشتہ 14 دنوں کے دوران پاکستان، بنگلہ دیش، نیپال اور سری لنکا کا دورہ کرچکے ہیں وہ بھی متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں داخل نہیں ہو سکیں گے۔
ایئر لائن کی جانب سے واضح کیا گیا کہ سفارت کار، متحدہ عرب امارات کے شہری یا گولڈن ویزا ہولڈر اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے لیکن پی سی آر ٹیسٹ پرواز کی روانگی سے زیادہ سے زیادہ 48 گھنٹے قبل کا ہونا چاہئے۔ 
واضح رہے کہ 14 جون شام 5 بجے تک دبئی کی اماراتی ایئر لائن نے تاریخ میں توسیع سے متعلق اپ ڈیٹ نہیں کی تھی اور ان کی ویب سائٹ میں کہا گیا کہ بنگلہ دیش، پاکستان اور سری لنکا کے مسافروں کیلئے آئندہ اطلاع تک سفر معطل رہے گا۔
متحدہ عرب امارات نے 12 مئی کی رات 11 بجے بنگلہ دیش، پاکستان، نیپال اور سری لنکا کے مسافروں کے داخلے پر پابندی کا اعلان سب سے پہلے کیا تھا تاہم اس وقت یہ بھی واضح کر دیا گیا تھا کہ کارگو کی پروازیں اس پابندی سے متاثر نہیں ہوں گی اور معمول کے مطابق چلیں گی۔ 
گزشتہ ہفتے یو اے ای نے کہا تھا کہ بھارت سے مسافر پروازوں کی معطلی 6 جولائی تک جاری رہے گی جبکہ اس سے قبل متعدد ممالک نے بھارت سے آنے والے مسافروں پر پابندی عائد کردی تھی جہاں کورونا سے یومیہ لاکھوں کیسز اور ہزاروں اموات کی اطلاعات ہیں۔