چیئرمین نیب ملازمت میں توسیع کیلئے ہاتھ پیر مار رہے ہیں: شاہد خاقان عباسی

چیئرمین نیب ملازمت میں توسیع کیلئے ہاتھ پیر مار رہے ہیں: شاہد خاقان عباسی
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماءشاہد خاقان عباسی نے چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) جسٹس (ر) جاوید اقبال پر ملازمت میں توسیع مانگنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان چیئرمین نیب کو ملازمت میں توسیع دیں گے۔ 
تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں پیشی کے بعد شاہد خاقان عباسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین نیب مدت ملازمت میں توسیع کیلئے ہاتھ پیر مار رہے ہیں ، عمران خان چیئرمین نیب کو ملازمت میں توسیع دیں گے، چیئرمین نیب جعلی کیس ختم کریں اوریہ تماشا لگانا چھوڑ دیں۔ 
ان کا کہنا تھا کہ کیا حکومت کے کیس چیئرمین نیب کو نظر نہیں آتے، میرے کیس میں سرکاری گواہ نے کہا کہ ایل این جی ٹرمینل سے ملک کا کوئی نقصان نہیں ہوا جبکہ چینی سکینڈل میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے گواہ نے بھی اپنے ادارے کے خلاف بیان دیا۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ جھوٹ کا یہ عالم ہے وفاقی وزیر جھوٹ بول کر چلے جاتے ہیں، اگر وفاقی وزیر کو بجٹ کا معلوم نہیں تھا تو پاس کیسے ہوا؟ اعداد و شمار کا ادارہ آزاد ہوتا ہے جسے وزارت خزانہ کے زیرسایہ کیا جا رہا ہے تاکہ جھوٹ کو چھپایا جائے۔
 ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے تین منٹ تقریر کی تو حکومتی بنچوں پر آگ لگ گئی، تاریخ میں پہلی مرتبہ حکومتی وزراءنے ہلڑ بازی کی ہے،کل سپیکر خود ہلڑ بازی میں شامل ہو جائیں گے کیونکہ ان میں شرم ختم ہو چکی ہے۔