ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کیخلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ جمعہ کو ہو گی

ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کیخلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ جمعہ کو ہو گی
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: قومی اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر قاسم سوری کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ جمعہ کے روز ہو گی اور انہیں عہدے سے ہٹانے کیلئے مجموعی طور پر 172 ووٹ درکار ہوں گے۔ 
تفصیلات کے مطابق گزشتہ دنوں اپوزیشن نے کورم کی نشاندہی نظرانداز کرنے پر ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کیخلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرائی تھی اور اب جمعہ کو اس پر ووٹنگ ہو گی۔ اسمبلی قواعد کے مطابق تحریک عدم اعتماد پرووٹنگ خفیہ رائے شماری سے ہوگی جبکہ 342 کے ایوان میں ڈپٹی سپیکر کو ہٹانے کیلئے 172 ووٹ درکار ہوں گے۔
ڈپٹی سپیکرقاسم سوری کےخلاف تحریک عدم اعتماد پر رائے شماری کیلئے بیلٹ پیپرچھپیں گے جن پر ’قرار داد کے حق میں‘ اور ’قراداد کی مخالفت میں‘ کے خانے بنائے جائیں گے، ووٹر کو متعلقہ خانے کے سامنے مختص کی گئی جگہ پر نشان لگانا ہوگا، رائے شماری خفیہ بیلٹ کے ذریعے ہو گی، اس میں صرف عدم اعتمادکرنے والے ارکان ہی حصہ لیں گے۔
ماہرین کے مطابق ’اوپن سیکرٹ رائے شماری کی وجہ سے ڈپٹی سپیکر کو ہٹانا تقریباً ناممکن ہوگا کیونکہ صرف اپوزیشن ارکان ہی ووٹنگ میں حصہ لیں گے اور انہیں 172 ارکان کی حمایت حاصل کرنا ہو گی لیکن متحدہ اپوزیشن کے پاس قومی اسمبلی میں 163 ارکان ہیں جبکہ حکومت اور اس کے اتحادیوں کی تعداد 179 ہے۔
قواعدکے تحت ڈپٹی سپیکرکے خلاف قرارداد پیش کرنے والے رکن کو ایوان میں بات کرنے کی اجازت ہو گی، ڈپٹی سپیکرقاسم سوری کو بھی ووٹنگ سے پہلے ایوان میں اظہارخیال کا موقع دیا جائے گا، قاسم سوری تاریخ میں پہلے ڈپٹی سپیکر ہوں گے جن کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ ہو گی۔