کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لاہور قلندرز کو 18 رنز سے شکست دیدی

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لاہور قلندرز کو 18 رنز سے شکست دیدی
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

ابوظہبی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کے 23 ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے لاہور قلندرز کو 18 رنز سے شکست دیدی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق شیخ زید کرکٹ سٹیڈیم ابوظہبی میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بنائے۔جیک ویدرالڈ نے 41 گیندوں پر 1 چھکے اور 8 چوکوں کی مدد سے 48 رنز بنائے جبکہ کیمرون ڈیلپورٹ 10، سرفراز احمد 34، اعظم خان 33، محمد نواز 6 اور حسن خان 12 رنز بنا سکے۔ 
لاہور قلندرز کی جانب سے جیمز فالکنر سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 25 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ محمد حفیظ اور راشد خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ 
ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کی ٹیم پورے اوورز بھی نہ کھیل سکی اور 18 اوورز میں صرف 140 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ ٹم ڈیوڈ نے 27 گیندوں پر 3 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 46 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں فخر زمان 12، سہیل اختر صفر، ذیشان اشرف 16، محمد حفیظ 1، بین ڈنک 6، راشد خان 8، احمد دانیال 3، جیمز فالکنر 12، شاہین شاہ آفریدی 12 اور حارث رﺅف 19 رنز بنا سکے۔ 
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے خرم شہزاد سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 3 اوورز میں 14 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور عثمان خان شنواری نے 4 اوورز میں 32 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد حسنین اور محمد نواز نے 2,2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ 
واضح رہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی قیادت سرفراز احمد نے کی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں کیمرون ڈیلپورٹ، عثمان خان، جیک ویدرالڈ، اعظم خان، محمد نواز، حسن خان، ظہور خان، محمد حسنین، خرام شہزاد اور عثمان خان شنواری شامل تھے۔ 
لاہور قلندرز کی قیادت سہیل اختر نے کی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں فخر زمان، ذیشان اشرف، محمد حفیظ، بین ڈنک، ٹم ڈیوڈ، جیمز فالکنر، راشد خان، احمد دانیال، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف شامل تھے۔