والد کے خطوط افشا کرنے پر مہدی کروبی کے بیٹے کو قید کی سزا

والد کے خطوط افشا کرنے پر مہدی کروبی کے بیٹے کو قید کی سزا

تہران:ایران کی ایک انقلاب عدالت نے اصلاح پسند سیاسی رہ نما مہدی کروبی کے بیٹے محمد حسین کروبی کو اپنے والد کے خفیہ مکتوبات افشا کرنے کے الزام میں چھ ماہ قید کی سزا کا حکم دیا ہے۔مہدی کروبی 2009 میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف احتجاج کرنے کی پاداش میں سابق وزیراعظم میر حسین موسوی سمیت جبری نظربند ہیں۔
مہدی کروبی انتخابات میں دھاندلی کے خلاف چلائی گئی سبز انقلاب تحریک کے سرخیل سمجھے جاتے ہیں۔ایرانی سیکیورٹی فورسز نے تحریک سبز انقلاب کو کچلنے کے لیے نہتے مظاہرین پر طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا اور ہزاروں سیاسی کارکنوں کو جیلوں میں ڈال دیا گیا تھا۔ اعتماد ملی کے سربراہ مہدی کروبی اور میر حسین موسوی کو پہلے گرفتار کرکے جیلوں میں ڈالا گیا۔
بعد ازاں انہیں گھروں پر نظر بند کر دیا گیا تھا۔جبری نظر بندی کے دوران مہدی کروبی نے سپریم لیڈ آیت اللہ علی خامنہ ای کے نام مکتوبات بھیجے تھے جن نہیں 2005 اور 2009 کے صدارتی انتخابات میں مبینہ دھاندلی، باسیج ملیشیا اور دوسری فورسز کی جانب سے مظاہرین پر طاقت کے وحشیانہ استعمال پر شدید احتجاج کیا گیا تھا۔