پاکستان سپر لیگ میں آج دو میچز کھیلے جائیں گے

پاکستان سپر لیگ میں آج دو میچز کھیلے جائیں گے

شارجہ: پاکستان سپر لیگ کے آج کھیلے جانے والے انتہائی اہم میچ میں دفاعی چیمپئن پشاور زلمی کراچی کنگز کے خلاف ایونٹ میں رہنے کے لئے بقا کی جنگ لڑے گی جب کہ آج دوسرا میچ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔

شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 4 بجے پشاور زلمی اور کراچی کنگز کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی اور یہ میچ دونوں ٹیموں کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔پلے آف مرحلے میں جگہ بنانے کے لئے پشاور زلمی کے پاس غلطی کی کوئی گنجائش نہیں کیوں کہ اس کے پاس ایونٹ کے 2 میچز ہیں اور ایک میچ میں بھی شکست اسے ایونٹ سے باہر کرسکتی ہے۔

دوسرا میچ  کوئٹہ اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کھیلا جائے گا ،یہ میچ کوئی اہمیت نہیں رکھتا کیونکہ کوئٹہ اور اسلام آباد پہلے ہی اس پلے آف کیلئے کوالیفائی کر چکے ہیں ۔ پوائنٹس ٹیبل اس وقت اسلام آباد یونائیٹڈ ٹاپ پوزیشن پہ ہے جس نے 8 میچز کھیل کر 6 میں کامیابی حاصل کی جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز دوسرے نمبر پر ہے جس نے 8 میچز کھیل کر 5 میں کامیابی حاصل کی ۔ 

یہ بھی پڑھیں:پی ایس ایل : کوئٹہ اور اسلام آباد کے بعد کونسی ٹیمیں فائنل فور میں جگہ بنائیں گی ؟
  اگر کراچی یہ میچ جیتنے میں کامیاب ہوجاتا ہے تو اسلام آباد ، کوئٹہ ، ملتان اور کراچی کے ساتھ پلے آفس اور ایلیمنیٹرز کی لائن اپ مکمل ہوجائے گی۔تاہم اگر زلمی اس میچ میں کامیاب ہوگیا تو ملتان اور کراچی کو زلمی کے اگلے میچ کے نتیجے کا انتظار کرنا پڑے گا جو کہ لاہور قلندرز کے خلاف ہے۔اگر قلندرز یہ میچ جیت گئے تو  اسلام  آباد ، کوئٹہ کراچی اور ملتان فائنل فور میں جگہ بنالیں گے جبکہ اگر پشاور زلمی اپنے اگلے دونوں میچز جیت جاتی ہے تو براہ راست پلے آف کیلئے کوالیفائی کرجائے گی جبکہ کراچی اور ملتان کی لاسٹ فور میں شمولیت کا فیصلہ پی ایس ایل کے آخری لیگ میچ پر منحصر ہوگا جو اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز کے درمیان کھیلا جائے گا۔

  یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف لاہور قلندرز کے کھلاڑی آپس میں لڑ پڑے ، ویڈیو وائرل
  

اس صورتحال میں کراچی کنگز کے پاس ملتان کے مقابلے میں کوالیفائی کرنے کا زیادہ بہتر موقع موجود ہوگا، اگر وہ اسلام آباد کے خلاف میچ ہار بھی جاتے ہیں تو اپنا رن ریٹ بہتر کرکے اگلے مرحلے میں کوالیفائی کرسکتے ہیں کیوں کہ اسلام آباد سے شکست کی صورت میں ملتان اور کراچی کے پوائنٹس 9،9 ہو جائیں گے۔یعنی لاسٹ فور میں جگہ بنانے کے لیے تین ٹیموں کے درمیان اب بھی سخت مقابلہ ہے جبکہ لاہور قلندرز ایونٹ سے باہر ہوچکے ہیں اور اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پلے آف کے لیے کوالیفائی کرچکے ہیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں