نیوزی لینڈ، مساجد میں فائرنگ،40 افراد شہید، بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم محفوظ

نیوزی لینڈ، مساجد میں فائرنگ،40 افراد شہید، بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم محفوظ
کیپشن: مسجد میں نماز جمعہ کے وقت مسلح شخص داخل ہوا اور خود کار ہتھیار سے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔۔۔۔۔۔فوٹو/ بشکریہ اے پی

کرائسٹ چرچ: نیوزی لینڈ میں دو مسجد پر فائرنگ کے واقعے میں 40 افراد شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔ مسجد میں موجود بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی محفوظ رہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق کرائسٹ چرچ کی ایک مسجد میں نماز جمعہ کے وقت مسلح شخص داخل ہوا اور خود کار ہتھیار سے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی جس سے مسجد میں موجود 40 افراد شہید ہو گئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مسجد میں بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کے کچھ کھلاڑی بھی موجود تھے جو اس واقعے میں محفوظ رہے۔

بنگلہ دیشی اوپنر تمیم اقبال نے اس واقعے کے فوری بعد سوشل میڈیا پر ایک پیغام میں کہا کہ فائرنگ کے افسوسناک واقعے میں خوش قسمتی سے ہم تمام کھلاڑی محفوظ رہے۔ انہوں نے اپنے مداحوں سے دعاؤں کی درخواست بھی کی۔

20e7cb4a4fe6173c0db233e7835dde92

دوسری جانب ایک اور بنگلہ دیشی کھلاڑی مشفق الرحیم نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بتایا کہ کرائسٹ چرچ کی مسجد میں پیش آئے فائرنگ کے دلخراش واقعے میں خوش قسمتی سے ہم تمام کھلاڑی محفوظ رہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ ہم سب کی حفاظت فرمائے اور آئندہ کبھی ایسی صورتحال کا دوبارہ سامنا نہ ہو۔ ساتھ ہی انہوں نے عوام سے دعا کی اپیل بھی کی۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے واقعے میں متعدد افراد کو گولیاں لگی ہیں جن کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔