قومی ٹیم کو ایک اور وقار یونس مل گیا

قومی ٹیم کو ایک اور وقار یونس مل گیا
کیپشن: Image Source : Twitter

کراچی:سابق قومی کپتان اور لیجنڈری فاسٹ بالر وقار یونس کا کہنا ہے کہ انہیں نوجوان فاسٹ بالر محمد حسنین میں اپنی جھلک محسوس ہوتی ہے جبکہ شین واٹسن بھی انہیں مستقبل کے خطرناک بائولر کے روپ میں دیکھ رہے ہیں۔

نیشنل سٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وقار یونس کا کہنا تھا کہ محمد حسنین کو بالنگ کرتا دیکھ کر انہیں اپنا دور یاد آجاتا ہے جب وہ بھی اسی طرح جوش و خروش کے ساتھ میدان میں آتے تھے۔دوسری جانب قومی ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا بھی یہی کہنا تھا کہ چیف سلیکٹر انضمام الحق کے ساتھ انہوں نے محمد حسنین کو بالنگ کرتے ہوئے دیکھا جو اس خلاکو پر کر سکتے ہیں جو انہیں محسوس ہو رہا ہے۔

شین واٹسن کا کہنا تھا کہ محمد حسنین میں غیر معمولی صلاحیت ہے جو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیلئے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور آنے والے دنوں میں ان سے مزید بہتر کارکردگی کی توقع ہے۔وقار یونس کے مطابق ہونہار پیسر محمد حسنین کے پاس پیس اور بانس کے علاوہ کچھ کر دکھانے کے عزم سمیت سب کچھ ہے تاہم سوائے شعیب اختر کے انہوں نے تمام بالرز میں یہ بات محسوس کی کہ وہ جب 140 سے 150 کلومیٹرز کی رفتار سے بالنگ کرنے لگتے ہیں تو پھر ان کے پیس میں کمی آنے لگتی ہے جس پر محمد حسنین کو کافی کام کرنا ہوگا۔

وقار یونس کو رول ماڈل قرار دینے والے محمد حسنین کا کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ سے ہی اچھے فاسٹ بالر بننا چاہتے تھے اور یہ خواہش پی ایس ایل میں پوری ہوئی لیکن پاکستان کی نمائندگی کا بچپن سے دیکھا جانے والا خواب بھی اب پورا ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔