چین جوہری توانائی سے چلنے والا طیارہ بردار جہاز بنائے گا

چین جوہری توانائی سے چلنے والا طیارہ بردار جہاز بنائے گا
کیپشن: چین جوہری توانائی سے چلنے والا طیارہ بردار جہاز بنائے گا
سورس: file

بیجنگ : دنیا کی سب سے بڑی آبادی والے ملک چین نے اپنی بحریہ کی طاقت اور استعداد میں اضافے کے لیے جوہری توانائی سے چلنے والا طیارہ بردار جہاز بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ 

چینی خبر رساں ادارے نے ملکی فوج کے قریبی ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ رواں برس کے اوائل میں 2 سال کی تاخیر کے بعد دوبارہ تیاری کے مراحل سے گزرنے والا چوتھا طیارہ بردار جہاز جوہری توانائی سے چلنے والا ہو گا۔ 

ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا کہ چین کا چوتھا طیارہ برادر جہاز اپنی تکنیک کے لحاظ سے منفرد ہوگا، اور اس میں استعمال کردہ ٹیکنالوجی ماضی میں کسی اور جہاز میں استعمال نہیں کی گئی ہوگی۔

 تاحال چینی فوج یا حکومت کی جانب سے چوتھے طیارہ بردار جہاز کے جوہری توانائی سے چلنے کا دعویٰ سامنے نہیں آیا ہے اور نہ ہی اس رپورٹ کی تردید کی گئی ہے۔

 واضح رہے کہ اس وقت چین کے پاس 2 طیارہ بردار جہاز موجود ہیں اور تیسرا بھی بیڑے میں شامل ہونے کو تیار ہے، جب کہ 2 سال کی تاخیر کے بعد اب چوتھے طیارہ بردار جہاز کی تیاری بھی شروع ہوگئی ہے۔

خیال رہے کہ چین کی جانب سے یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے، جب امریکا ہند بحرالکاہل خطے میں اس کے خلاف نئی صف بندی کررہا ہے۔ اس اتحاد میں امریکا کے ساتھ جاپان، آسٹریلیا اور بھارت شامل ہیں۔