کورونا پھیل گیا، سندھ بھر میں 15 اپریل تک سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ

کورونا پھیل گیا، سندھ بھر میں 15 اپریل تک سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ
کیپشن: کورونا پھیل گیا، سندھ بھر میں 15 اپریل تک سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ
سورس: file

 کراچی: حکومت سندھ نے کورونا کے بڑھتے وار کے باعث  نیا نوٹی فیکیشن جاری کر دیا ہے جس میں کاروباری مراکز کو رات 10 بجے بند کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ تمام کاروبار رات 10 بجے بند کرنے کی پابندی ہوگی۔ اس کا اطلاق ایک ماہ یعنی 15 اپریل تک کیا گیا ہے۔

صوبائی حکومت کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ تمام تفریحی مقامات بھی شام 6 بجے اپنی سرگرمیاں بند کرنے کے پابند ہونگے جبکہ تمام سرکاری اور نجی اداروں میں صرف پچاس فیصد سٹاف کو ہی کام کرنے کی اجازت ہوگی، ان ہدایات پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ریسٹورینٹس کے اندر کھانا نہ کھانے کی پابندی برقرار رہے گی، صرف کھانا پیک کرکے ساتھ لے جانے اور ہوم ڈیلیوری کی اجازت ہوگی۔

اس کے علاوہ تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت دی گئی ہے کہ اگر کسی علاقے میں وبائی مرض پھیلنے کا خطرہ ہوا تو اس میں لاک ڈاؤن لگانے کا انھیں مکمل اختیار ہوگا۔

خیال رہے کہ پورے ملک خصوصاً پنجاب میں عالمی وبا کی تیسری لہر نے اپنے وار کرنے شروع کر دیئے ہیں۔ برطانوی قسم کا یہ وائرس آہستہ آہستہ پورے ملک کو اپنی لپیٹ میں لے رہا ہے۔

انہیں خطرات کے پیش نظر آج سے لاہور اور اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں کاروباری سرگرمیوں کو شام 6 بجے سے بند کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ خلاف ورزی کرنے والوں کو سخت قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری ہدایات میں کہا گیا ہے کہ شہریوں کو چاہیے کہ وہ اس مرض کے تدارک کیلئے تمام حفاظتی اقدامات اختیار کریں، ماسک پہنچیں، اپنے ہاتھ بار بار دھوئیں اور ایک دوسرے کیساتھ کم از کم 6 فٹ کا فیصلہ رکھیں۔