سابق ٹیسٹ کرکٹر توصیف احمد کی دیکھ بھال کی ذمہ داری کس صوبائی وزیر کو سونپی گئی؟ تفصیلات سامنے آ گئیں

سابق ٹیسٹ کرکٹر توصیف احمد کی دیکھ بھال کی ذمہ داری کس صوبائی وزیر کو سونپی گئی؟ تفصیلات سامنے آ گئیں
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد کو دل کا دورہ پڑنے کے باعث ہسپتال منتقل ہونے والے سابق ٹیسٹ کرکٹر توصیف احمد کی دیکھ بھال کی ذمہ داری سونپ دی گئی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق ماضی کے ٹیسٹ آف سپنر اور بنگلور کے ہیرو توصیف احمد کو اتوار کی شب لاہور میں شادی کی ایک تقریب کے دوران دل کا دورہ پڑا جس کے بعد انہیں فوری طور پر مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا تھا تاہم پھر وزیر اعظم ہاؤس سے فون کے بعد انہیں پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) منتقل کردیا گیا۔ توصیف احمد کے بھتیجے کے مطابق وزیراعظم ہاؤس سے ڈاکٹر یاسمین راشد کو توصیف احمد کی دیکھ بھال کی ذمہ داری سونپی گئی ہے جبکہ ان کے علاج کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔ 
واضح رہے کہ توصیف احمد نے پاکستان کی جانب سے 34 ٹیسٹ اور 70 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے ہیں۔ توصیف احمد نے 1986 میں شارجہ میں جاوید میانداد کے تاریخی چھکے سے قبل سنگل رن بناکر شہرت حاصل کی تھی، وہ قومی سلیکٹر اور جونیئر کوچ بھی رہ چکے ہیں تاہم گزشتہ سال پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انہیں ملازمت سے فارغ کردیا تھا۔
توصیف احمد نے اپنا ٹیسٹ ڈیبیو کراچی میں آسٹریلیا کے خلاف 27 فروری 1980 کو کیا تھا جبکہ انہوں نے ون ڈے انٹرنیشنل ڈیبیو 31 مارچ 1982ءکو سری لنکا کے خلاف کیا تھا۔ توصیف احمد کا ٹیسٹ کیریئر 13 برس پر محیط تھا جس کے دوران انہوں نے 93 وکٹیں حاصل کیں، ان کی میچ میں بہترین باؤلنگ 77 رنز کے عوض 9 وکٹیں تھیں جبکہ ایک اننگز میں ان کی بہترین باؤلنگ 45 رنز کے عوض چھ وکٹیں تھیں۔
توصیف احمد اس ٹیم کا بھی حصہ تھے جس نے 1986ءمیں شارجہ میں بھارت کے خلاف جاوید میانداد کے تاریخی چھکے کی بدولت ایشیاءکپ جیتا تھا، توصف احمد آخری کھلاڑی کے طور پر کھیلنے کیلئے آئے تھے اور سنگل بناکر میانداد کو یہ ہٹ لگانے کا موقع دیا تھا۔
ایک برس بعد یعنی 1987ءمیں بھارت کے خلاف بنگلور ٹیسٹ میں بھی توصیف احمد نے بھارت کے خلاف میچ میں شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 9 وکٹیں حاصل کی تھیں، وہ لیفٹ آرم سپنر اقبال قاسم کے باؤلنگ پارٹنر تھے، پاکستان نے اس میچ میں بھارت کے خلاف تاریخی فتح سمیٹی تھی۔