پاک بھارت تعلقات میں اب تک کا سب سے بڑا بریک تھرو 

Pakistan,India,Pak-Ind Relation,PM Imran Khan,PM Modi

اسلام آباد :پاک بھارت تنازعات کے بعد اب تک کا سب سے بڑا بریک تھر و سامنے آگیا ،ایک طرف جہاں لائن آف کنٹرول پر فائربندی سے متعلق کچھ عرصہ قبل دونوں ممالک میں معاملات طے پا گئے تھے اب وہیں پاک بھارت آبی تنازعات پر معاملات میں اہم پیش رفت سامنے آگئی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق پا ک بھارت میں بڑھتے آبی تنازعات کے پیش نظر اب دونوں ممالک نے انڈس واٹر کمیشن کیلئے بات چیت پر آمادگی ظاہر کر دی ہے ،ذرائع کے مطابق دونوں ممالک کے انڈس واٹر کمشنرز اجلاس کا شیڈول طے پا گیا ہے ،اجلاس 23 اور 24 مارچ کو نئی دہلی میں ہو گا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں آبی تنازعات کا جائزہ لیا جائے گا،پاکستان پکل دل اور لوئر کلائی منصوبوں کا معاملہ اٹھائے گا،بھارت کی جانب سے مغربی دریاؤں پر نئے منصوبوں سے متعلق معاملہ پر غور ہو گا ،دونوں ممالک ایک دفعہ پھر فلڈ سیزن کے متعلق ڈیٹا، انتظامات کا جائزہ لیا جائے گا ،ذرائع کا کہنا ہے دربک اور نیمو چلنگ ہائیڈرو پاور کے دو نئے منصوبوں کا معاملے پر بھی غور ہو گا۔

واضح رہے اس سے قبل ماہ فروری میں پاکستان اور بھارت کی افواج کے ڈائریکٹرز جنرل ملٹری آپریشنز نے ہاٹ لائن پر رابطہ کر کے کنٹرول لائن پر دو طرفہ فائرنگ کے واقعات کو روکنے کے تمام معاہدوں کی عملی احترام پر اتفاق کیا تھا ،جنوبی ایشا کی دو جوہری طاقتوں کی افواج کے اعلی عہدیداروں کی ہاٹ لائن پر ہونے والی اس گفتگو میں کشمیر کی متنازعہ سرحد پر فائر بندی پر اتفاق کے اعلان کو ایک بڑی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

 خاص طور سے ایک ایسے وقت میں جب گزشتہ مہینوں کے دوران کشمیر کے متنازعہ سرحدی علاقے میں فائرنگ اور جوابی فائرنگ کا سلسلہ مسلسل جاری رہا ہے اور اس کے نتیجے میں سرحد سے متصل علاقوں کے رہائشیوں میں خوف و ہراس کے ساتھ ساتھ غم و غصہ بھی پایا جاتا ہے۔ جنگ کی سی اس صورتحال نے نہ صرف مقامی باشندوں کی زندگیوں کو پوری طرح مفلوج کر دیا ہے بلکہ دونوں افواج کے مابین آئے دن کی مسلح جھڑپوں کے نتیجے میں شہریوں کی ہلاکتیں بھی انسانی حقوق کے لیے سرگرم تنظیموں کی توجہ کا مرکز بنی ہیں۔