ریاست ہار گئی ، عمران خان جیت گئے، پولیس نے زمان پارک آپریشن موخر کردیا

ریاست ہار گئی ، عمران خان جیت گئے، پولیس نے زمان پارک آپریشن موخر کردیا
سورس: Twitter

لاہور : عمران خان کی گرفتاری  کے لیے شروع ہونے والا آپریشن پولیس نے پی ایس ایل میچ  کے باعث موخرکردیا ۔ پنجاب پولیس نے بین الاقوامی کھلاڑیوں کی لاہورمیں موجودگی کی وجہ سے زمان پارک آپریشن کچھ دیر کیلئے مؤخر کیا۔

نیو نیوز کے مطابق  پولیس نے زمان پارک کو چاروں اطراف سے گھیرے میں لے رکھا ہے ۔ لاہورمیں پی ایس ایل کا میچ شروع ہو جانے تک زمان پارک آپریشن روک دیا گیا ۔ میچ شروع ہوتے ہی پولیس کا زمان پارک میں آپریشن دوبارہ شروع کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ چیئرمین تحریک انصاف اور سابق وزیرِ اعظم عمران خان کی گرفتاری کے لیے پولیس کا آپریشن دوسرے روز بھی جاری رہا جب کہ کمشنر لاہور نے کشیدہ صورتِ حال کے باعث مال روڈ، دھرم پورہ اور اطراف کے علاقوں میں تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا ۔پی ٹی آئی کارکنوں کے پتھراؤ اور آنسو گیس کی شیلنگ سے 54 پولیس اہلکار اور 8 شہری زخمی ہوئے ہیں جنہیں سروسز اور میو ہسپتال منتقل کیا گیا۔

کشیدہ صورتِ حال کے باعث قصور، شیخوپورہ اور گوجرانوالہ سے پولیس کی اضافی نفری زمان پارک پہنچ چکی ہے جب کہ پی ٹی آئی نے بھی اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے کارکنان کو زمان پارک پہنچنے کی ہدایت کی ہے۔

لاہور کے مال روڈ پر پی ٹی آئی کارکنوں نے توڑ پھوڑ کی ہے جب کہ پولیس اہلکاروں پر پتھراؤ کے نتیجے میں 54 ے زائد اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔  جھڑپوں کے دوران پی ٹی آئی کے کارکنوں نے پولیس کی واٹر کینن کو آگ لگا دی جب کہ متعدد گاڑیوں اور املاک کو نقصان بھی پہنچایا۔ پولیس کی طرف سے پی ٹی آئی کارکنوں کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج اور واٹر کینن کا بھی استعمال کیا گیا۔

  پولیس اور پی ٹی آئی کارکنوں میں رات بھر آنکھ مچولی  جاری رہی ۔ مال روڈ پر پی ٹی آئی کارکنوں  نے پتھراؤ کیا۔  پولیس نے بھی شیلنگ کی۔ پی ٹی آئی کارکنوں نے فینسی لائٹس ،بجلی کے پول اکھاڑ دیئے ہیں ۔