رانا ثناءاللہ کی اعلانیہ دھمکیوں سے عمران خان کی زندگی کو سخت خطرہ ہے: چوہدری پرویز الٰہی

رانا ثناءاللہ کی اعلانیہ دھمکیوں سے عمران خان کی زندگی کو سخت خطرہ ہے: چوہدری پرویز الٰہی

لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماءاور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ رانا ثنا اللہ اور محسن رضا نقوی زمان پارک میں خون کی ہولی کھیل رہے ہیں، رانا ثنا اللہ کی اعلانیہ دھمکیوں سے عمران خان کی زندگی کو سخت خطرہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈنمارک کے اہم سیاسی رہنما چوہدری شوکت علی کی قیادت میں وفد نے سابق وزیراعلیٰ چوہدری پرویز الٰہی سے ملاقات کی جبکہ اس موقع پر چوہدری وجاہت حسین اور چوہدری موسیٰ الٰہی بھی موجود تھے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ عمران خان اس وقت صرف پاکستان کے نہیں بلکہ پوری دنیا کے مسلمانوں کے رہنما ہیں جبکہ رانا ثنا اللہ اور محسن رضا نقوی زمان پارک میں خون کی ہولی کھیل رہے ہیں۔ 
انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور نگران حکومت پنجاب میں الیکشن کے خوف سے پاگل ہو چکے ہیں، رانا ثنا اللہ کی اعلانیہ دھمکیوں سے عمران خان کی زندگی کو سخت خطرہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور مریم نواز وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کو براہ راست ہدایات دے رہے ہیں اور نگران وزیر اعلیٰ نے لاقانونیت کی ساری حدیں پار کر دی ہیں، وہ رانا ثنااللہ کے ساتھ جلد مجرموں کے کٹہرے میں ہوں گے۔ 
چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ ملکی تاریخ میں کبھی کسی رہنما کے گھر پر پولیس فورس نے ایسے وحشیانہ حملہ نہیں کیا، عدلیہ نے 18 مارچ کو حاضر ہونے کا کہا لیکن پولیس کس کے کہنے پر چار دن پہلے ہی زمان پارک پر حملہ آور ہوئی؟ 
سابق وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ عمران خان کے خلاف (ن) لیگ کی بدنیتی اور مکروہ عزائم بے نقاب ہو چکے ہیں، حکومت عمران خان کے خلاف اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کیلئے عدلیہ کا نام استعمال کر رہی ہے۔

مصنف کے بارے میں