صدر کی آڈیو لیک ہونے کے پیچھے مریم نواز ہیں: شبلی فراز

صدر کی آڈیو لیک ہونے کے پیچھے مریم نواز ہیں: شبلی فراز

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شبلی فراز نے کہا ہے کہ صدر کی آڈیو لیک ہونے کے پیچھے مریم نواز ہیں اور ان کے پاس ہر طرح کی آڈیو، ویڈیوز موجود ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما شبلی فراز کا کہنا تھا کہ ٹیلیفونک گفتگو ریکارڈ اور لیک کرنا صرف عارف علوی نہیں بلکہ ملک کیلئے افسوسناک ہے، یہ مریم نواز ہیں جو ویڈیو، آڈیو پروڈکشن کی ایکسپرٹ ہیں۔ 
انہوں نے کہا کہ جو ہم پر مسلط کئے گئے ہیں، انہوں نے ملک کو مذاق بنا دیا ہے، آئین میں واضح لکھا ہے کہ 90 روز میں الیکشن ہوں گے، اب ہر کوئی بہانے کر رہا ہے کہ ہم الیکشن نہیں کرواسکتے، یہ اس عہدے کے حقدار ہی نہیں، یہ چھوٹے لوگ ہیں جو بڑے عہدوں پر بٹھا دئیے گئے۔
شبلی فراز کا کہنا تھا کہ ورکرز کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، چٹان کی طرح اپنے لیڈر کے ساتھ کھڑے ہیں، ہماری جماعت کو یہ برگر پارٹی کہتے تھے، ہماری جماعت ہی پاکستان کو ترقی کے راستے پر ڈال سکتی ہے۔
شبلی فراز نے یہ بھی کہا کہ ایک لیڈر کی گرفتاری کیلئے انہوں نے لشکر کشی شروع کر دی، کاش یہ اب تک پشاور مسجد دھماکے کے دہشت گردوں کو گرفتار کر چکے ہوتے، اپنی نسلوں کا مستقبل دیکھنا چاہتے ہیں تو عمران خان کے ساتھ اپنا حصہ ڈالیں۔
انہوں نے کہا کہ مقتدر ٹولہ غریب لوگوں کا خون چوس رہا ہے، عمران خان نے ان کی سازش کا ایک ماہ پہلے بتا دیا تھا، آئین کی بالا دستی اور قانون پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے، ایک شخص کو گرفتارکرنے کیلئے جنگ کا ماحول بنا دیا گیا ہے۔

مصنف کے بارے میں