’دنگل‘1000کروڑ کلب میں شامل ہونے والی پہلی بالی ووڈ فلم

’دنگل‘1000کروڑ کلب میں شامل ہونے والی پہلی بالی ووڈ فلم

ممبئی:مسٹر پرفیکٹ کی فلم ہو اور پرفیکٹ نہ ہو ایسا ہو نہیں سکتا ۔عامر خان کی ہر فلم کا موضوع منفرد اور اپنےسحر میں جکڑ کر رکھنے والا ہوتا ہے اور مداحوں کو تو پسند آتی ہی ہے نقادوں کے پاس بھی بولنے کو کچھ خاص نہیں رہتا ۔حال ہی میں ریلیز ہونے عامر خان کی فلم دنگل نے دنیا بھر میں ریکارڈ بزنس کیا ہے اور یوں بالی ووڈ کی پہلی فلم بن گئی ہے جس نے ہزار کروڑ سے زائد کی کمائی کی ہو ۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ بلاک بسٹر فلم ’باہو بالی‘ پہلی فلم ہے جس نے ہزار کروڑ کلب میں انٹری دی لیکن باہو بالی بنیادی طور پر تیلگو زبان کی فلم ہے اس لیے اگر ہندی میڈیم کے لحاظ سے دیکھا جائے تو دنگل 1000کروڑ میں شامل ہونے والی پہلی فلم ہے۔

گزشتہ سال دسمبر میں ریلیز ہونے والی فلم دنگل نے اپنے بزنس سے شروع میں بھی سب کو حیران کردیا تھا اور اس نے مارچ تک بھارت سمیت دنیا بھر سے 715 کروڑ روپے کمائے تھے۔مارچ میں اسے تائیوان میں ریلیز کیا گیا جہاں اس نے گیارہ کروڑ روپے کا بزنس کیا مگر رواں مہینے کے آغاز میں اسے چین میں ریلیز کیا گیا۔

چین کے رہائشیوں کو یہ فلم اتنی زیادہ پسند آئی کہ اس نے نت نئے ریکارڈز قائم کردیئے۔

یہ پہلی بالی ووڈ فلم ہے جس نے چین میں نو دن کے اندر تین سو کروڑ روپے کا بزنس کرلیا ہے اور اس طرح مجموعی طور پر یہ 1026 کروڑ روپے کما چکی ہے۔

ابھی بھی چین میں اس کی نمائش بہت اچھی چل رہی ہے اور لگتا ہے کہ یہ مزید کروڑوں روپے کمانے میں کامیاب رہے گی۔