پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی کا تسلسل برقرار، 100 انڈیکس تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر بند

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی کا تسلسل برقرار، 100 انڈیکس تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر بند

کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں زبردست تیزی کا تسلسل برقرار رہا، کے ایس ای 100 انڈیکس مزید 636.96 پوائنٹس کے اضافے سے تاریخ کی نئی بلند ترین سطح 52387.87 پوائنٹس پر بند ہوا، مارکیٹ سرمایہ میں 1 کھرب 10 ارب 2 کروڑ 61 لاکھ 6 ہزار 264 روپے کا اضافہ ہوگیا جبکہ تجارتی حجم میں بھی 4 ارب 35 کروڑ 13 لاکھ 27 ہزار 838 روپے کی تیزی رہی۔ اسی طرح خرید و فروخت میں 60 لاکھ 99 ہزار 210 حصص کا اضافہ دیکھا گیا۔

تفصیلات کے مطابق نئے کاروباری ہفتے کے آغاز پر پیر کو بھی پی ایس ایکس میں تیزی کا رجحان برقرار رہا اور 100 انڈیکس 51800، 51900، 52000، 52100، 52200 اور 52300 پوائنٹس کی چھ بالائی نفسیاتی حدیں عبور کرتے ہوئے 636.96 پوائنٹس کے اضافے سے 52387.87 پوائنتس پر بند ہوا جبکہ انڈیکس گذشتہ کاروباری ہفتے کے دوران جمعہ، جمعرات، بدھ، منگل اور پیر کو بھی بالترتیب 324.90 پوائنٹس، 322.48 پوائنٹس، 30.39 پوائنٹس، 137.23 پوائنٹس اور 1084.78 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی تھی۔

مزیدبرآں پیر کو مارکیٹ میں اتار چڑھاﺅ کے بعد کے ایس ای 30 انڈیکس 401.21 پوائنٹس کے اضافے سے 27930.29 پوائنٹس پر بند ہوا، کے ایس سی آل شیئر انڈیکس میں 384.57 پوائنٹس کی تیزی رہی جبکہ کے ایم آئی 30 انڈیکس میں 1285.28 پوائنٹس کا اضافہ رونماءہوا۔ اسی طرح بینکس ٹریڈ ایبل (بی اے ٹی آئی) انڈیکس 246.22 پوائنٹس کی تیزی سے 22365.66 پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ حصص کی خرید و فروخت میں تیزی کی وجہ سے آئل اینڈ گیس ٹریڈ ایبل (او جی ٹی آئی) انڈیکس 776.66 پوائنٹس کے اضافے سے 18510.84 پوائنٹس پر بند ہوا۔

پی ایس ایکس - کے ایم آئی انڈیکس 276.43 پوائنٹس کی تیزی سے 24888.19 پوائنٹس پر بند ہوا۔ مارکیٹ میں مجموعی طور پر 405 کمپنیوں کے حصص کا لین دین ہوا جن میں سے 213 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں تیزی، 177 کمپنیوں کے حصص کے بھاﺅ میں مندی اور 15 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

سب سے زیادہ تیزی پاک ٹوبیکو ایکس ڈی کے حصص کی قیمتوں میں ہوئی جس کے حصص کی قیمت 41.40 روپے کے اضافے سے 1541.40 روپے پر بند ہوئی۔ اسی طرح نیشنل ریفائینری کے حصص کی سودے بھی 27.58 روپے کی تیزی سے 841.51 روپے پر بند ہوئے۔

سب سے زیادہ مندی یونی لیور فوڈز اور ویتھ پاک لمیٹڈ ایکس ڈی کے حصص کی قیمتوں میں ہوئی۔ یونی لیور فوڈز کے حصص کی قیمت 250 روپے کی مندی سے 6150 روپے اور ویتھ پاک لمیٹڈ ایکس ڈی کے حصص کی قیمت بھی 38.20 روپے کی کمی سے 2334.60 روپے رہ گئی۔

سب سے زیادہ کاروبار اینگرو پولیمر کے حصص میں ہوا جو 3 کروڑ 59 لاکھ 5 ہزار شیئرز رہا جس کی قیمت 31 روپے سے شروع ہو کر 31.18 روپے پر بند ہوئی جبکہ دوست اسٹیل لمیٹڈ کے 1 کروڑ 95 لاکھ 35 ہزار حصص کے سودے 13.40 روپے سے شروع ہو کر 14.20 روپے بند ہوئے۔

مجموعی طور پر 35 کروڑ 28 لاکھ 4 ہزار 780 حصص کا کاروبار ہوا جس کا تجارتی حجم 23 ارب 8 کروڑ 49 لاکھ 87 ہزار 589 روپے رہا۔ مارکیٹ کیپیٹل 101 کھرب 79 ارب 92 کروڑ 33 لاکھ 72 ہزار 168 روپے سے بڑھ کر 102 کھرب 89 ارب 94 کروڑ 94 لاکھ 78 ہزار 432 روپے ہو گیا۔

فیوچر ٹریڈنگ میں 111 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں تیزی اور 15 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں مندی رہی جبکہ 4 کروڑ 17 لاکھ 5 ہزار 520 حصص کا کاروبار ہوا۔

مصنف کے بارے میں