لوگوں نے احتیاطی تدابیر اختیار نہ کیں تو کرونا کے مریضوں میں اضافہ ہو سکتا ہے، شبلی فراز

لوگوں نے احتیاطی تدابیر اختیار نہ کیں تو کرونا کے مریضوں میں اضافہ ہو سکتا ہے، شبلی فراز


اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات شبلی فراز نے خبر دارکیا  ہے کہ اگر لوگوں نے احتیاطی تدابیر اختیار نہ کیں تو کرونا کے مریضوں میں اضافہ ہو سکتا ہے،موجودہ صورتحال کے تناظر میں عوام کو ایک بالغ النظر قوم کی حیثیت سے ذمہ داری کا مظاہرہ کر نا ہوگا.

وزیر اطلاعات نے  کہاکہ لاک ڈاؤن میں نرمی سے متعلق فیصلہ تمام صوبوں سے مشاورت کے بعد کیا گیا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمیں اس وبا کی روک تھام اور بھوک کے درمیان توازن قائم کرنا ہو گا۔

موجودہ صورتحال میں حزب اختلاف کے کردار کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف کے بعض ارکان اس نازک وقت پر بھی سیاست کر رہے ہیں۔

شبلی فراز نے کہا کہ قانون کے مطابق بدعنوان عناصر کا احتساب ہونا چاہئے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت سندھ کو31 ارب روپے فراہم کئے گئے ہیں۔

وفاقی وزیر نے اس بات کا اعتراف کیا کہ قرنطینہ مراکز میں کچھ مسائل ہیں تاہم حکومت اپنے وسائل کے مطابق لوگوں کو سہولتیں فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے.