ن لیگ نے عمران خان، وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی گرفتاری کا مطالبہ کر دیا

ن لیگ نے عمران خان، وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی گرفتاری کا مطالبہ کر دیا

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے رنگ روڈ سکینڈل فیکٹ فائینڈنگ رپورٹ منظر عام پر آنے کے بعد وزیراعظم عمران خان ، وزیراعلیٰ عثمان بزدار اور تمام ذمہ دار افسران کی گرفتاری کا مطالبہ کر دیا ۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ اُن کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے ، یہ بے ضابطگیاں نہیں ، 25 ارب سے زائد کا ڈاکہ ہے اور عمران خان اور عثمان بزدار کو این آر او نہیں ملے گا ۔

ان کا کہنا ہے کہ خان صاحب اور عثمان بزدار رنگ روڈ سکینڈل کے مجرم ہیں ان کے ہوتے ہوئے بلا امتیاز انکوائری نہیں صرف مافیاز کی سہولت کاری ہوسکتی ہے ۔

ترجمان ن لیگ نے کہا کہ عمران خان ایک طرف شہباز شریف پر مقدمے بنواتے ، ای سی ایل میں نام شامل کراتے ہیں جبکہ دوسری طرف شہباز شریف کے بنائے منصوبے کو تبدیل کرکے ”رینٹ سیکرز“ کو فائدہ دیتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے اربوں کے منصوبے لگائے لیکن خان صاحب کو اُن کے خلاف کرپشن کا ایک دھیلہ نہیں ملا بلکہ شہباز شریف کا منصوبہ ری الائین کرکے ڈاکہ ڈالا گیا ۔

رنگ روڈ کے تمام فیصلے عمران خان کے حکم پر عثمان بزدار صاحب نے اپنے دستخطوں سے کئے ، اب بلاامتیاز انکوائری کا تماشہ کیوں ؟