پی ٹی اے نے چوری اور گم شدہ فون بلاک کرنے کیلئے نیا اور آسان طریقہ متعارف کرا دیا

پی ٹی اے نے چوری اور گم شدہ فون بلاک کرنے کیلئے نیا اور آسان طریقہ متعارف کرا دیا
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے گمشدہ یا چھینے جانے والے فون بلاک کروانے کیلئے نیا اور آسان طریقہ کار متعارف کروایا دیا ہے جبکہ فون مل جانے کی صورت میں اسی طریقہ کار کے ذریعے اسے ان بلاک بھی کروایا جا سکے گا۔ 
تفصیلات کے مطابق پاکستان سمیت دنیا بھر میں موبائل فون چوری کی وارداتیں ہوتی رہتی ہیں اور ایسا ہونے پر متاثرہ شخص کو سب سے زیادہ فکر موبائل فون میں موجود ڈیتا کی ہوتی ہے، اگر بروقت فون کو بلاک یا رپورٹ نہ کروایا جائے تو کوئی بھی اس کا غلط استعمال کر کے پریشانی کا باعث بن سکتا ہے۔
اسی ضمن میں پی ٹی اے نے آن لائن طریقہ صارفین کو بتایا ہے جس کے تحت گھر بیٹھے اپنی شکایت درج کروائی جا سکتی ہے اور چوری یا گم ہو جانے والا فون بلاک کروایا جا سکتا ہے۔ ’دی نیو لاسٹ اینڈ سٹولن ڈیوائس سسٹم‘ کے تحت شکایت درج کروانے کیلئے پی ٹی اے کی ویب سائٹ پر جائیں اور دی گئی ہدایات پر عمل کریں۔ 
موبائل فون بلاک کروانے کیلئے آن لائن شکایت درج کرواتے وقت اپنی کچھ بنیادی تفصیلات یعنی نام، پتہ، ای میل اور شناختی کارڈ نمبر وغیرہ کیساتھ آپ کو گمشدہ فون کی تفصیلات بھی بتانا ہوں گی۔ درخواست دائر کرنے کے بعد ایک ریفرنس نمبر مل جائے گا اور اس کے 24 گھنٹے کے اندر اندر فون بلاک کر دیا جائے گا۔