شہباز شریف کا نام تاحال ای سی ایل میں نہیں ڈالا گیا: شیخ رشید

شہباز شریف کا نام تاحال ای سی ایل میں نہیں ڈالا گیا: شیخ رشید
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا نام تاحال ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں نہیں ڈالا گیا۔ 
تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ نے اپنے بیان میں کہا کہ شہباز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے کی سمری وفاقی کابینہ سے وزارت داخلہ کو تاحال موصول نہیں ہوئی تاہم پیر یا منگل کو سمری وزارت داخلہ کو مل سکتی ہے جس کے بعد ہی اس پر عملدرآمد ہو گا۔ 
ان کا کہنا تھا کہ اس کیس میں پہلے ہی 14 افراد کے نام ای سی ایل میں شامل ہیں، شہباز شریف کے خاندان کے 5 ملزم مفرور ہیں، جبکہ شہباز شریف خود سابق وزیراعظم نواز شریف کے گارنٹر ہیں، وہ سیدھا لندن نہیں جا رہے تھے بلکہ انہوں نے قطر میں 15 دن قرنطینہ مکمل کرنے کے بعد برطانیہ جانا تھا۔ 
شیخ رشید نے کہا کہ ہمارے پاس شہباز شریف کی کوئی میڈیکل رپورٹ نہیں آئی، جو سمری پیش کی گئی تھی اس پر فیصلہ قانون اور داخلہ کی وزارت کرے گی، یہ فیصلہ آئین اور قانون کے مطابق ہوگا۔
واضح رہے کہ شہباز شریف 8 مئی کو قطر روانہ ہونے کیلئے ائیرپورٹ پہنچے تاہم وفاقی تحقیقاتی ادارے کی جانب سے روکے جانے پر انہیں طیارے سے آف لوڈ کر دیا گیا جس کے بعد گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) نے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ 
ذرائع کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) نے وکلا سے مشاورت مکمل کر لی ہے اور مسلم لیگ (ن) حکومت کے خلاف توہین عدالت کی پٹیشن داخل کرے گی جس میں وزارت داخلہ اور ایف آئی اے کو فریق بنایا جائے گا۔ 
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی جانب سے درخواست میں یہ موقف اختیار کیا جائے گا کہ لاہور ہائیکورٹ نے علاج کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت دی لیکن اس کے باوجود جان بوجھ کر شہباز شریف کو سفر سے روکا گیا۔