شیخ رشید کا بیان جھوٹا، وزیراعظم اور کابینہ نے عید والے دن توہین عدالت کی: رانا ثناءاللہ

شیخ رشید کا بیان جھوٹا، وزیراعظم اور کابینہ نے عید والے دن توہین عدالت کی: رانا ثناءاللہ
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناءاللہ نے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کے بیان کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر داخلہ دفتر کھول کے آٹا، چینی، ایل این جی، رنگ روڈ چوروں کو ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) پہ ڈالیں اور ویڈیو بیان جاری کریں۔ 
تفصیلات کے مطابق رانا ثناءاللہ نے کہا کہ شیخ رشید کا ویڈیو بیان جھوٹا ہے، عیدالفطر کے موقع پر وزیراعظم عمران خان اور ان کی پوری کی پوری کابینہ نے توہین عدالت کی اور عدالتی حکم کے باوجود عید والے دن دفتر کھلوا کے غیر قانونی سمری سرکولیٹ کی گئی۔ 
مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر نے کہا کہ عمران نیازی رنگ روڈ ڈاکے کا رنگ ماسٹر ہے، اس کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے۔ قبل ازیں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اپنے ایک ویڈیو بیان میں کہا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں نہیں ڈالا۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سمری تاحال وفاقی کابینہ سے وزارت داخلہ کو موصول نہیں ہوئی، یہ سمری پیر یا منگل کو وزارت داخلہ کو موصول ہو سکتی ہے جس کے بعد ہی اس پر عملدرآمد کیا جا سکتا ہے۔