عمران خان کا قتل کی سازش کا دعویٰ، رانا ثناءاللہ نے بڑی پیشکش کر دی

عمران خان کا قتل کی سازش کا دعویٰ، رانا ثناءاللہ نے بڑی پیشکش کر دی

اسلام آباد: سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے چیئر مین عمران خان کے اپنی جان کو خطرے اور قتل سے متعلق بیان پر وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناءاللہ نے انہیں پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ  حکومت سابق وزیر اعظم کی زندگی کو نقصان پہنچانے  کی  ’سازش ‘کی تحقیقات کے لیے تیار ہے اگر ان کے پاس کچھ ثبوت یا بیان موجود ہیں تو شیئر کریں۔

لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومت عمران خان کے بیان کو ایف آئی آر  کے طور پر لے سکتی ہے اور ان کے قتل کے پلان سے متعلق مبینہ سازش کی تحقیقات کرائے گی۔ انہوں نے ایک ایماندار تفتیشی افسر کی تقرری کے عزم کا اظہار کیا جو مبینہ سازش کی تحقیقات کرے گا۔ انہوں نے  کہا کہ حکومت اس مبینہ ’سازش‘ کی تفصیلات جاننے کیلئے  بہت بے چین ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا ان کی جان کو لاحق خطرہ حقیقی تھا یا یہ ان کی طرف سے کوئی اور دھوکہ دہی تھی۔

رانا ثنا نے کہا کہ عمران خان اگرچہ سابق وزیراعظم تھے لیکن انہیں موجودہ وزیراعظم کی سیکیورٹی دی جارہی ہے۔اگر ان کی جان کو خطرہ ہے تو عمران کو حکومت کے علم میں لانا چاہیے اور مبینہ ویڈیو دکھانی چاہیے۔ اس کے بعد سب کچھ صاف اور شفاف ہو جائے گا۔

واضح رہے گزشتہ شب  سیالکوٹ میں ایک عوامی جلسے سے خطاب میں پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان نے دعویٰ کیا کہ ان کے قتل کی سازش کی گئی اور انہوں نے اس میں ملوث کرداروں کو بے نقاب کرنے کے لیے ایک ویڈیو ریکارڈ کروا دی ہے ۔سابق وزیر اعظم نے مزید کہا کہ انہوں نے سازش کے حوالے سے اپنی ریکارڈ کی گئی ویڈیو کو  محفوظ کر لیا ہے اور اگر ان پر قاتلانہ حملہ ہوا تو یہ ویڈیو منظر عام پر آئے گی، انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے ریکارڈ شدہ ویڈیو میں اس سازش کے پیچھے تمام لوگوں کے نام بتائے ہیں۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ وہ سیاست نہیں بلکہ جہاد کررہے ہیں کیونکہ وہ اللہ کے لیے لڑ رہے ہیں،  انہیں موت کا کوئی خوف نہیں ہے۔

مصنف کے بارے میں