پوری دنیا میں گھوم کر تصاویری بنانے والی خاتون اپنی تصاویر کی نقل پر پریشان

پوری دنیا میں گھوم کر تصاویری بنانے والی خاتون اپنی تصاویر کی نقل پر پریشان

لندن: دنیا کے مختلف ممالک میں سفر کرکے خوبصورت تصاویر انسٹاگرام پر شیئر کرنے والی خاتون یہ دیکھ کر دنگ رہ گئیں جب انہوں نے دریافت کیا کہ ایک اور خاتون ان کا پیچھا کرتے ہوئے ان کی فوٹوز کی ہو بہو نقل تیار کررہی ہے۔

لورین بولین اور ان کے بوائے فرینڈ جیک مورس نے دنیا کے مختلف ممالک میں سفر کرکے پوسٹ کارڈ جیسی تصاویر انسٹاگرام پر شیئر کیں جہاں ان کے فالورز کی تعداد بیس لاکھ کے لگ بھگ ہے۔

مگر 23 سالہ لورین کو اس وقت حیرت کا شدید جھٹکا لگا جب انہوں نے ایک خاتون بلاگر اور ان کے ساتھی کی تصاویر دیکھیں جو ان ہی مقامات پر جارہے تھے جہاں وہ جاچکی ہیں اور ان کی تصاویر کی ہوبہو نقل انسٹاگرام پر شیئر کررہی ہیں۔


 

آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والی لورین کے مطابق ' میں ان تصاویر کو دیکھ کر خوفزدہ اور پریشان ہوگئی'۔

انہوں نے دیکھا کہ ان کی جیسی کم از کم بیس تصاویر کو اس بلاگر خاتون نے نقل کررکھا ہے یہاں تک کہ ملبوسات اور زیورات بھی ایک جیسے ہیں۔

اس نقل کرنے والی خاتون کا اکاﺅنٹ ڈائنا ایلکسا کے نام سے ہے جس نے یہ تفصیلات منظرعام پر آنے کے بعد اپنے اکاﺅنٹ کو پرائیویٹ کردیا ہے۔


 

یہ پراسرار نقل چور جوڑا لگتا ہے کہ لورین کی تصاویر کا بہت باریکی سے جائزہ لیتا ہے کیونکہ ان کی تصاویر میں اگر آئی ڈی پر غور نہ کیا جائے تو یہ بتانا مشکل ہے کہ یہ لورین کی ہیں یا نہیں۔

وہ خاتون لورین کی تصاویر کے دکھائے جانے والے اینگل کا بھی خیال رکھتی ہے۔


 

اپنے ایک بلاگ میں لورین نے ان تصاویر کو شیئر کیا اور حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ' مجھے سمجھ نہیں آتی کہ کیسے وہ خاتون میرے جیسے ملبوسات کا خیال رکھتی ہیں کیونکہ میں نے کبھی یہ تفصیلات اپنی فوٹوز میں درج نہیں کیں، اس کے لیے بہت زیادہ وقت اور محنت درکار ہے'۔


 

ان کا کہنا تھا ' یہاں یہ بتانے کی ضرورت نہیں کہ میری تصاویر کی نقل کتنی مہنگی ثابت ہوئی ہو گی یعنی ان مقامات پر جانا اور رہائش وغیرہ سستا نہیں'۔