لاہور: گورنمنٹ سائنس کالج وحدت روڈ  کے پروفیسر راؤ الطاف کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔پولیس ذرائع کے مطابق سائنس کالج کے پروفیسر راؤ الطاف اپنے بیٹے کو اسکول چھوڑ کرگھر جارہے تھے کہ اقبال ٹاؤن کے علاقے میں موٹر سائیکل سوار نامعلوم ملزمان نے ان کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔

فائرنگ کے نتیجے میں پروفیسر راؤ الطاف موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، جن کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے میو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔پولیس کے مطابق واقعے کی تفتیش کا آغاز کردیا گیا جبکہ عینی شاہدین کے بیانات بھی قلمبند کیے جارہے ہیں۔علاقے کی سی سی ٹی وی فوٹیج کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ علم اور تعلیم کے دشمن اکثر و بیشتر ملک میں اساتذہ کو نشانہ بناتے رہتے ہیں۔