قومی بچت کی مختلف سکیموں میں سرمایہ کاری 76 ارب روپے سے زیادہ

قومی بچت کی مختلف سکیموں میں سرمایہ کاری 76 ارب روپے سے زیادہ

لاہور: ادارہ قومی بچت نے رواں مالی سال 2016-17 کے دوران قومی بچت کی مختلف سکیموں کی مد میں 76 ارب روپے سے زائد مالیت کی رقوم جمع کر لیں۔

مختلف سکیموں پر شرح منافع میں اضافہ اور سسٹم کی آٹومیشن کے پروگرام سے صارفین کو سہولت جبکہ قومی بچت کی سکیموں میں سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔ ادارہ قومی بچت کے اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال کے لئے قومی بچت کی سکیموں کے ذریعے 228 ارب روپے جمع کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جبکہ گزشتہ مالی سال کے لئے یہ ہدف 218 ارب روپے تھا جو کامیابی کے ساتھ حاصل کر لیا گیا تھا۔ سینٹرل ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگز نے سرمایہ کاروں کی سہولت اور قومی بچت کی سکیموں میں سرمایہ کاری بڑھانے کے لئے مختلف سیونگز سرٹیفکیٹس پر منافع کی شرح بڑھا دی ہے۔

منافع کی نئی شرح کا 3 اکتوبر 2016 سے اطلاق کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں جاری ایک نوٹیفکیشن کے مطابق ڈیفنس سیونگز سرٹیفکیٹس، سپیشل سیونگز سرٹیفکیٹس، ریگولر انکم سرٹیفکیٹس اور سیونگز اکائونٹس کے لئے نظرثانی شدہ منافع کی شرح بالترتیب 7.44 فیصد، 5.8 فیصد، 6.36 فیصد اور 3.90 فیصد مقرر کی گئی ہے۔ اسی طرح معاشرے کے خصوصی طبقات کے لئے بھی بہبود سیونگز سرٹیفکیٹس اور پنشنرز بینیفٹ اکائونٹس جیسی خصوصی سکیموں کے شرح منافع میں بھی اضافہ کیا گیا ہے جو 9.36 فیصد ہے۔

اس کے علاوہ ادارہ قومی بچت نے اپنے صارفین کی سہولت کے لئے نظام میں جدت لانے کا عمل بھی شروع کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں نیشنل انسٹیٹیوشنل فیسلی ٹیشن ٹیکنالوجیزاین آئی ایف ٹیٞ کی رکنیت حاصل کرنے کے بعد سینٹرل ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگز صارفین کے منافع جات ان کے اکائونٹس میں منتقل کرنے کے علاوہ پرائز بانڈز کی رجسٹریشن کا بھی آغاز کرے گا۔ ادارے میں اصلاحات کے پروگرام کے تحت سی این ڈی ایس اپنی تمام 375 شاخوں کو کمپیوٹرائز کرے گا۔

مصنف کے بارے میں