ثانیہ مرزا 31 برس کی ہو گئیں

ثانیہ مرزا 31 برس کی ہو گئیں

لاہور: دنیا میں تہلکہ مچانے والی پاکستان کی بہو اور بھارت کی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا 15نومبر کو اپنی 31 ویں سالگرہ منا رہی ہیں۔ ثانیہ مرزا 15 نومبر 1986ء کو ممبئی میں پیدا ہوئیں۔ انہوں نے 2003ء میں 17 سال کی عمر میں بطور ٹینس پلیئر پروفیشنل کیرئیر میں قدم رکھا۔ ان کے والد عمران مرزا اور خاندان کے دوسرے افراد کا انہیں ٹینس کی ابتدائی تربیت دینے میں اہم کردار ہے۔

ثانیہ نے 2003ء ہی میں جونیئر انٹرنیشنل ٹینس ایونٹ میں حصہ لیا جبکہ ساتھ ہی اپنی تعلیم پر بھی توجہ جاری رکھی اور سینٹ میری کالج سے گریجویشن کیا۔

ثانیہ مرزا 2005ء میں ہونے والے یو ایس اوپن، گرینڈ سلم ٹورنامنٹ میں بھی شریک ہوئیں۔انہیں بھارت کی سب سے زیادہ رینک حاصل کرنے والی خاتون ٹینس کھلاڑی کا اعزاز حاصل ہے۔ وہ اب تک کئی اعزازات حاصل کر چکی ہیں جن میں بھارتی حکومت کی جانب سے چوتھا بڑا سرکاری ایوارڈ پدم شری بھی شامل ہے۔

ثانیہ نے جولائی 2009ء میں اپنے بچپن کے دوست اور حیدر آباد کی معروف کاروباری شخصیت صہیب مرزا سے منگنی کی جو 28 جنوری 2010ء کو ختم ہو گئی بعد میں انہیں پاکستانی اسٹار کرکٹر شعیب ملک نے اتنا متاثر کیا کہ 29 مارچ 2010ء کو شعیب ملک ان کی زندگی میں شامل ہو گئے۔ ثانیہ مرزا نے 2015ء میں انڈین آف دی ایئرکا ایوارڈ بھی اپنے نام کیا تھا۔

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں