ن لیگ کے زیادہ تر لوگ اب نوازشریف کے ساتھ نہیں ہیں، عمران خان

ن لیگ کے زیادہ تر لوگ اب نوازشریف کے ساتھ نہیں ہیں، عمران خان

ہری پور : پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے دعویٰ کیا ہے کہ (ن) لیگ کے زیادہ تر لوگ اب نوازشریف کے ساتھ نہیں ہیں،وہ نہیں چاہتے کہ نوازشریف اپنی کرپشن بچانے کے لئے (ن) لیگ کو استعمال کر ے اور عدلیہ اور اسٹیبلشمنٹ پر خودکش حملہ کریں. اگر حکومت کے پاس نمبرز نہیں رہتے تو پھر آئین کہتا ہے کہ 90 روز کے اندر انتخابات ہوں کسی صورت انتخابات تاخیر کا شکار نہیں ہونا چاہئیں اگر حکومت جاتی ہے تو 90 روز کے اندر انتخابات ہونے چاہئیں۔

ان خیالات کا اظہار عمران خان نے ہری پور کے علاقہ خان پور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہوسکتا ہے حکومت اپنی مدت سے پہلے ہی ختم ہوجائے. انتخابات میں تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔عمران خان نے کہا کہ ن لیگ میں لوگ خود کو نواز شریف سے الگ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ علاقہ بدھا تہذیب کا مرکز تھا۔ جنوب پاکستان مشرقی ایشیا سے بڑی سیاحت آ سکتی ہے۔ یہاں پر دنیا کا سب سے بڑا 48 فٹ لمبا بدھا کا مجسمہ موجود ہے۔ اس بدھا کے مجسمہ کے سر کی بحالی کے لئے ہم بیرون ملک سے ماہرین کو لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ یورپی ممالک اور جاپان کے پاس اس طرح کی مہارت موجود ہے۔ یہ بدھا کا مجسمہ 17-18 سو سال پرانا ہے۔ ہماری کوشش ہے ان کو بحال کریں اور پھر سیاحت کے لئے انہیں کھولیں۔ اس علاقہ میں اس طرح کسی اور بہت سی جگہیں ہیں مگر اس مقصد کے لئے پیسہ چاہئے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ ماضی میں بڑی بڑی قیمتی چیزیں یہاں سے چوری ہو کر باہر گئی ہیں بلکہ یہاں لوگوں کے گھروں میں ہیں۔ یہ قوم کا ایک اثاثہ ہمیں ان کو عجائب گھروں میں رکھنا چاہئے تاکہ وہاں جا کر لوگ دیکھیں بجائے یہ کہ لوگ ان کو گھروں میں لے جائیں یا باہر ممالک میں ان کو بیچیں۔ عمران خان نے کہا کہ ہمارے خیال میں کسی صورت انتخابات تاخیر کا شکار نہیں ہونے چاہئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت پاکستان کے پاس دنیا کے سب سے خوبصورت علاقے ہیں ہم منصوبہ بنا رہے ہیں کہ ہر سال سیاحت کے لئے چار نئی جگہیں پہاڑوں میں کھولیں۔ اس مرتبہ ہم نے چار مقامات کی نشاندہی کی ہے جو آئندہ گرمیوں میں کھلیں گے۔ سیاحت سے مقامی لوگوں کو پیسہ ملے گا ان کو روزگار ملے گا۔