بھارت نے انتہائی مہنگے طیارے خرید لیے، کانگریس نے شور مچا دیا

بھارت نے انتہائی مہنگے طیارے خرید لیے، کانگریس نے شور مچا دیا

نئی دہلی : بھارتی حکومت کے فرانس سے جدید جنگی طیارے خریدنے پر کانگریس نےالزام لگایا ہے کہ  اس سے سرکاری خزانے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا اور اس سودے سے گھپلے کی بو آرہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق کانگریس نے مودی حکومت پر رافیل جنگی طیارے کے سودے میں تمام قوانین کو بالائے طاق رکھنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے صنعتکار دوست کیلئے ملک کی سلامتی سے تو سمجھوتہ کیا ہی ہے ، ساتھ ہی اس سے سرکاری خزانے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا اور اس سودے سے گھپلے کی بو آرہی ہے۔

کانگریس کے میڈیا انچارج رندیپ سنگھ سورجیوالا نے یہاں پریس کانفرنس میں کہا کہ مودی نے 2سال پہلے فرانس کے دورہ کے دوران دفاعی خریداری قوانین کی پرواکئے بغیر 36 رافیل جنگی طیارے خریدنے کی منظوری دی تھی۔انہوں نے الزام لگایا کہ اس سودے میں کسی بھی طرح کی شفافیت نہیں تھی اور اس موقع پر نہ تو وزیر دفاع موجود تھے اور نہ ہی اس کیلئے مرکزی کابینہ کی دفاعی امور کمیٹی اور دیگر متعلقہ ایجنسیوں کی منظوری لی گئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ 2012میں کانگریس قیادت والی یو پی اے حکومت نے56ہزار کروڑ روپے میں 126رافیل طیاروں کی خریداری کا سودا طے کیا تھالیکن مودی حکومت نے محض36رافیل طیارے 60ہزار کروڑ روپے کی کثیر رقم میں خریدنے کا سودا کر کے حکومت کے خزانے کو زبردست نقصان پہنچایا ہے۔